تلنگانہ سی ای او کا سخت حکم – جعلی فارم-7 درخواستیں دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

تلنگانہ میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی کے دوران بڑی تعداد میں فارم-7 داخل کئے جانے کے معاملے پر چیف الیکٹورل آفیسر نے سخت ہدایات جاری کردی ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر سی سدرشن ریڈی نے حیدرآباد کے جی ایچ ایم سی کمشنر و ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اور ریاست کے تمام کلکٹرس و ڈسٹرکٹ الیکشن افسران کو ہدایت دی ہے کہ ووٹر فہرستوں میں نام حذف کرنے کے لیے بڑی تعداد میں فارم-7 داخل کئے جانے کی شکایات پر ضروری کارروائی کی جائے۔
حکم نامے میں بتایا گیا کہ بعض مقامات پر بڑی تعداد میں فارم-7 درخواستیں داخل کئے جانے کے واقعات سامنے آئے ہیں اور یہ الزام بھی ہے کہ ان میں سے بعض درخواستیں حقیقی نہیں ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ فارم-6، 6A، 7 اور 8 میں جان بوجھ کر غلط بیان یا تحریری حلف نامہ دینے والے درخواست گزاروں کے خلاف عوامی نمائندگی ایکٹ 1950 کی دفعہ 31 کے تحت کارروائی کی جائے۔تاہم کارروائی سے قبل رجسٹریشن آف الیکٹرس رولز 1960 کے قاعدہ 20 کے تحت باقاعدہ تحقیقات کرنا لازمی ہوگا۔



