امریکہ کی مسجد میں فائرنگ — نمازیوں کو بچاتے ہوئے سکیورٹی گارڈ عبداللہ جاں بحق
امریکہ کے شہر سان ڈیاگو میں واقع ایک مسجد میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ یہ واقعہ ایک اسلامی مرکز میں پیش آیا جہاں دو کم عمر نوجوانوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق حملہ کے بعد دونوں حملہ آور بھی زخمی حالت میں مردہ پائے گئے۔ پولیس چیف نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات نفرت انگیز جرم کے زاویے سے کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آور نوجوانوں نے فائرنگ کیوں کی، اس کی وجوہات ابھی واضح نہیں ہوسکی ہیں، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے قبل ایک حملہ آور کی والدہ نے اپنے بیٹے کے لاپتہ ہونے کی شکایت درج کروائی تھی اور بتایا تھا کہ وہ اسلحہ اور گاڑی ساتھ لے گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق حملہ آور نوجوان مسجد سے تقریباً دو کلومیٹر دور ایک ہائی اسکول میں زیرِ تعلیم تھا۔
فائرنگ کے دوران جاں بحق ہونے والوں میں ایک سکیورٹی گارڈ امین عبداللہ بھی شامل ہے، جس نے مسلح نوجوان کو روکنے کی کوشش کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گارڈ کی بروقت کارروائی کے باعث مزید جانی نقصان ٹل گیا۔
یہ مسجد سان ڈیاگو کاؤنٹی کی سب سے بڑی مسجد مانی جاتی ہے۔ مسجد کے احاطے میں قائم اسکول میں عربی زبان اور اسلامیات کی تعلیم دی جاتی ہے جبکہ پانچ سال سے زائد عمر کے بچوں کو قرآن کی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ حکام کے مطابق اسکول میں موجود تمام بچے محفوظ ہیں۔
فائرنگ کے بعد دونوں حملہ آور مسجد کے قریب ایک گاڑی میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ مسجد میں روزانہ پانچ وقت نماز ادا کی جاتی ہے اور یہ مختلف مذاہب کے اداروں کے ساتھ بھی اشتراک رکھتی ہے۔امریکی مسلم تنظیموں نے اس حملے کی سخت مذمت کی ہے۔




