حیدرآباد میں میٹرو اور آر ٹی سی کا مشترکہ پاس متعارف

تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارکا نے حیدرآباد میں میٹرو ریل اور آر ٹی سی کا مشترکہ پاس متعارف کرایا۔ پرجا بھون میں منعقدہ تقریب میں وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔
اس مشترکہ پاس کا مقصد حیدرآباد شہری حدود میں مسافروں کو میٹرو اور آر ٹی سی کے درمیان آسان اور بلا رکاوٹ عوامی ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ حکومت نے روزانہ اور ماہانہ دونوں طرح کے پاس جاری کئے ہیں۔
روزانہ مشترکہ پاس کی قیمت ₹400 مقرر کی گئی ہے، جس میں میٹرو کا ₹300 اور آر ٹی سی کا ₹100 حصہ شامل ہے۔ ماہانہ پاس ₹8,500 کا ہوگا، جس میں میٹرو کے ₹7,000 اور آر ٹی سی کے ₹1,500 شامل ہیں۔
پاس پہلی مرتبہ خریدنے پر کارڈ کے لئے ₹100 اضافی وصول کئے جائیں گے، تاہم کارڈ واپس کرنے پر یہ رقم واپس کردی جائے گی۔ ایک ہی پاس کے ذریعہ او آر آر کے اندر چلنے والی تمام اقسام کی آر ٹی سی سٹی بسوں (پشپاک بسوں کے علاوہ) اور میٹرو ریل میں سفر کیا جاسکے گا۔



