نمازِ عصر کی امامت کے لئے مصلیٰ پر بیٹھے امام – دو منٹ بعد ہی دنیا سے رخصت — تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں دل دہلا دینے والا منظر سی سی ٹی وی میں محفوظ
تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے رائیکل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نمازِ عصر کی امامت کے لیے مصلیٰ پر بیٹھے مسجد کے امام محمد امام الدین صاحب اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ امام صاحب کی اچانک موت کا دل دہلا دینے والا منظر مسجد میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امام صاحب نمازِ عصر کی جماعت کے لیے مصلیٰ پر آکر اطمینان سے بیٹھتے ہیں۔ جماعت شروع ہونے میں ابھی تقریباً دو منٹ باقی تھے کہ اچانک وہ وہیں گر پڑے۔ امام صاحب کو اچانک گرتا دیکھ کر مصلیان میں افراتفری اور تشویش پھیل گئی۔ کچھ لمحوں تک کسی کو سمجھ نہیں آیا کہ کیا کیا جائے۔
مصلیان نے فوری طور پر امام صاحب کو سنبھالا اور جان بچانے کی کوشش کرتے ہوئے سی پی آر بھی کیا، لیکن تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں اور امام صاحب کی روح پرواز کرگئی۔
محمد امام الدین صاحب گزشتہ 40 برس سے اسی مسجد میں امامت کی ذمہ داری نبھا رہے تھے۔ چار دہائیوں تک نماز کی امامت اور دینی خدمات انجام دینے والے امام صاحب کی یوں اچانک وفات کی خبر نے رائیکل کے مسلمانوں کو غمزدہ کردیا۔



