ریل روکو کیس میں کویتا کو سمن جاری

ریل روکو کیس میں کویتا کو سمن جاری
سکندرآباد ریلوے کورٹ میں چہارشنبہ کو صبح 10:30 بجے حاضر ہونے کی ہدایت
تلنگانہ رکشنا سینا (ٹی آر ایس) کی سربراہ کلواکنٹلہ کویتا کے خلاف ریل روکو احتجاج کے معاملہ میں ریلوے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور عدالت نے سمن جاری کیا ہے۔ سمن میں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سکندرآباد میں واقع سیکنڈ جوڈیشیل مجسٹریٹ آف فرسٹ کلاس (ریلوے کورٹ) کے روبرو 13 مئی چہارشنبہ کی صبح 10:30 بجے حاضر ہوں۔
یہ مقدمہ کاماریڈی ضلع مرکز میں منظم کردہ ریل روکو احتجاج سے متعلق ہے، جہاں کویتا نے پسماندہ طبقات (بی سی) کو تعلیم، روزگار اور مقامی اداروں میں 42 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کے مطالبہ پر احتجاج کیا تھا۔ اس احتجاج کے دوران پولیس نے کویتا سمیت دیگر قائدین کو حراست میں لیا تھا۔ریل روکو احتجاج کے باعث سرنپلی اور اندلوائی ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان نظام آباد سے حیدرآباد جانے والی دیوگری ایکسپریس کو روک دیا گیا تھا
، جبکہ حیدرآباد سے نظام آباد جانے والی ایک مال گاڑی بھی متاثر ہوئی تھی۔اس واقعہ کے سلسلے میں کاماریڈی ریلوے کے اے ایس آئی رویندر بابو کی شکایت پر کلواکنٹلہ کویتا سمیت 12 دیگر ٹی آر ایس قائدین کے خلاف ریلوے ایکٹ کی دفعات 147 اور 174(a) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہ۔ عدالت کی جانب سے جاری کردہ سمن میں تمام ملزمان کو سماعت کے لئے حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔



