نظام آباد مسلم پرسنل لاء کمیٹی کی اپیل پر وقف ترمیمی بل کیخلاف شہر نظام آباد کی 150 مساجد کے باہر زبردست پرُ امن احتجاج

نظام آباد مسلم پرسنل لاء کمیٹی کی اپیل پر وقف ترمیمی بل کیخلاف شہر نظام آباد کی 150 مساجد کے باہر زبردست پرُ امن احتجاج
نظام آباد:11/ اپریل (اردو لیکس ) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ پارلیمنٹ سے منظورہ وقف ترمیمات کو اسلامی شعار دین و شریعت، مذہبی و ثقافتی، آزادی، مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور دستور ہند کے بنیادی ڈھانچے پر ایک مہلک حملہ تصور کرتا ہے۔ اس خصوص میں مسلم پرسنل لاء بورڈ تمام دینی، ملی اورسماجی تنظیموں کو ساتھ لیکر ان ترمیمات کیخلاف اس وقت تک ایک ملک گیر تحریک چلائے گا جب تک انہیں پوری طرح واپس نہیں لیا جاتا۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اپیل پر گذشتہ جمعتہ الوداع کے موقع پر سیاہ پٹیاں باندھ کر وقف ترمیمات کیخلاف اپنا احتجاج درج کروایا تھا۔ آج یوم جمعہ کے موقع پر ایک جمعہ سے دوسرے جمعہ تک وقف بچاؤ، دستور بچاؤ کے عنوان سے فرزندان توحید نے بعد نماز جمعہ مساجد کے باہر اپنے ہاتھوں میں وقف اللہ کی ملکیت ہے وقف جائیدادوں پر چھیننا بند کرو، وقف بچاؤ، دستور بچاؤ پلے کارڈس ہاتھوں میں لئے اپنا زبردست احتجاج ملک گیر سطح پر درج کروایا۔ شہر نظام آباد میں نظام آباد مسلم پرسنل لاء کمیٹی کی اپیل پر شہر نظام آباد کی 150 مساجد میں ایک لاکھ سے زائد مسلمانوں نے وقف ترمیمی بل کیخلاف زبردست پرُ امن احتجاج کیا۔ شہر کی تمام مساجدوں کے روبرو مساجد کمیٹیوں کے ذمہ داروں بشمول مصلیان نے وقف ترمیمی بل کیخلاف مرکزی حکومت پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اس بل کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ صدر نظام آباد مسلم پرسنل لاء کمیٹی مولانا کریم الدین کمال نے آج کے اس احتجاج میں حصہ لینے والے مسلمانوں سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں بھی تمام کا تعاون حاصل رہے گا۔