دی مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی، کریم نگر کی جانب سے طلبہ و اساتذہ کی تہنیتی تقریب

دی مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی، کریم نگر (MESK) کے زیر اہتمام ایک شاندار تہنیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت جناب انجینئر محمد مظفر الدین احمد صاحب نے کی۔ اس تقریب کا مقصد MESK کی کوچنگ سے سرکاری ملازمتیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اور اساتذہ کی خدمات کا اعتراف اور انہیں اعزازات سے نوازنا تھا۔
اس تقریب کے انتظامات کی ذمہ داری آرگنائزنگ سیکرٹری سید مظفرالدین صاحب نے سنبھالی، جنہوں نے اس تقریب کی تمام کارروائی کو خوش اسلوبی سے ترتیب دیا
تقریب کا آغاز قاری یٰسین کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد خواجہ مہیمن الدین اور اظہار حسین اظہار نے نعتیہ کلام پیش کیا، جس سے تقریب کا ماحول روحانی ہو گیا۔ پروگرام میں DSC، گروپ 4، گروکلا سوسائٹی، پولیس ریکروٹمنٹ اور جے ایل امتحانات میں کامیاب ہونے والے 18 طلباء کی شال پوشی کی گئی اور انہیں مومنٹو اور اسناد سے نوازا گیا۔ ساتھ ہی، کوچنگ کے انعقاد میں تعاون فراہم کرنے والے اساتذہ اور ٹرینڈ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ذمہ داران کو بھی خصوصی تہنیت پیش کی گئی۔
عائشہ فاطمہ (ڈگری لیکچرر برائے باٹنی) نے MESK کی رہنمائی اور سرکاری ملازمتوں کے حوالے سے آگاہی پروگرامز کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ ان پروگرامز کے ذریعے انہیں مختلف پوسٹس، جیسے ڈگری لیکچررز، جے ایل، اور زونل پوسٹس کے بارے میں مفید معلومات حاصل ہوئیں جس سے تیاری میں مدد ملی۔ فائزہ بتول (اکنامکس کی جونیئر لیکچرر) نے بھی MESK اور ٹرینڈ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ذمہ داران، جیسے سرور شاہ بیابانی، افضل محی الدین، اشتیاق مجید، یٰسین، اور دیگر کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں ایسے مزید پروگرامز کی خواہش ظاہر کی۔
علاوہ ازیں، سید مطہر الدین (SGT)، شیرین فرحت (SA بائیولوجی) اور پروین احمد (SGT) نے MESK کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی رہنمائی سے طلباء نے کامیابی حاصل کی۔ ڈاکٹر سلیم الدین، نائب صدر MESK نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوسائٹی گزشتہ 40 سال سے تعلیمی شعبے میں نمایاں خدمات فراہم کر رہی ہے اور طلباء کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے فری نوٹ بکس اور دیگر وسائل فراہم کر رہی ہے۔ احمد بیگ صاحب، نائب صدر MESK نے بھی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمتوں میں مواقع کی فراہمی کے اقدامات کو سراہا۔
جناب سید افضل محی الدین نے MESK کے کوچنگ پروگرام کو شہر کے طلباء کے لیے غیر معمولی کامیابی قرار دیا اور صدر جلسہ سے درخواست کی کہ سوسائٹی کی دوسری منزل پر ایک مستقل کوچنگ سینٹر قائم کیا جائے تاکہ زیادہ طلباء کو اس سے فائدہ پہنچ سکے۔
تقریب کے اختتام پر، صدرِ جلسہ جناب انجینئر محمد مظفر الدین احمد صاحب نے کہا کہ پورے تلنگانہ میں کریم نگر کی MESK نے فری کوچنگ کا اعلیٰ معیار قائم کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ MESK کی دوسری منزل پر ایک ماڈل کوچنگ سینٹر قائم کیا جائے گا جہاں طلباء کو بہترین اساتذہ کی رہنمائی میں معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔ جلسے کے آخر میں جنرل سکریٹری شیخ ابوبکر خالد صاحب نے تمام معزز مہمانان، طلباء، اساتذہ، اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ MESK مستقبل میں بھی تعلیم کے فروغ کے لیے اسی جذبے سے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔تقریب میں شہر کی ممتاز شخصیات جیسے ڈاکٹر قدوس صاحب، ڈاکٹر ختیجہ خاتون صاحبہ، صمد نوابصاحب ، محمد غوث (جوائنٹ سیکرٹری MESK)،، نثار احمد (سینیئر صحافی)، انجینئر نسیم الدین (سینیئر سٹیزن)، اور انصاری صاحب بھی شریک تھے۔ ان کی موجودگی نے تقریب کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔