عادل آباد میں مرغیوں کی چوری کا سنسنی خیز انکشاف — سابق ملازمین ہی نکلے ماسٹر مائنڈ، تین گرفتار، ایک مفرور

عادل آباد، 19/ اپریل (اردو لیکس)عادل آباد کےدسناپور علاقہ میں پیش آئے مرغیوں کی چوری کے ایک معاملہ کو موالا پولیس نے تیزی سے حل کرتے ہوئے تین ملزمین کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک ملزم تاحال مفرور ہے۔
موالا کے سب انسپکٹر کے راج شیکھر ریڈی کے مطابق 18 اپریل کو سُگنا چکن سنٹر کے مالک کولاپاکا سنجیو نے شکایت درج کرائی تھی کہ نامعلوم افراد نے رات کے وقت دکان کے پچھلے حصے سے تار جالی اور ٹین شیٹ کاٹ کر اندر داخل ہو کر سی سی ٹی وی وائرز کو نقصان پہنچایا اور تقریباً 4 کوئنٹل مرغیاں، جن کی مالیت 56 ہزار روپے ہے، چرا لیں۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خصوصی ٹیم تشکیل دی اور مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر 19 اپریل کو موالا بائی پاس پر تین ملزمین کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے چوری شدہ مرغیاں برآمد کر لیں۔ گرفتار شدگان میں سید شاہ ریحان الحق عرف امان (31)، فیروز خان (36) اور ایس کے مجاہد علی (37) شامل ہیں، جبکہ مبین نامی ایک ملزم مفرور ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دو ملزمین پہلے اسی دکان میں کام کر چکے تھے اور انہوں نے دکان کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واردات انجام دی۔ ملزمین چوری شدہ مرغیوں کو گُڈی ہتنور علاقے میں فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق وہ 20 دن قبل بھی اسی نوعیت کی چوری میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے 120 زندہ مرغیاں، ایک موٹر سائیکل اور ایک آٹو رکشہ ضبط کیا ہے۔ اس سلسلہ میں بی این ایس کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمین کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔-



