داود ابراہیم کا قریبی ساتھی استنبول میں گرفتار، ہندوستان کو حوالگی

نئی دہلی: بین الاقوامی منشیات کے معاملہ میں تحقیقات کے دوران ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ملک میں منشیات کی اسمگلنگ کے ایک بڑے کیس میں کلیدی کردار ادا کرنے والے انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے قریبی ساتھی
سلیم ڈولا کو ترکی کے شہر استنبول میں گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں اسے ہندوستان کے حوالے کر دیا گیا اور آج حکام اسے دہلی لے آئے۔ اسے لانے والا خصوصی طیارہ منگل کی صبح سویرے دہلی کے ٹیکنیکل ایئرپورٹ پر اترا جس کی
تصدیق سرکاری ذرائع نے کی۔ اس وقت اسے تفتیش کے لیے سینئر انٹیلیجنس حکام کی تحویل میں رکھا گیا ہے۔ مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کی ابتدائی پوچھ گچھ مکمل ہونے کے بعد امکان ہے کہ اسے ممبئی پولیس یا نارکوٹکس کنٹرول بیورو
کے حوالے کیا جائے گا۔سلیم ڈولا کی گرفتاری کو انڈرورلڈ ڈرگ مافیا کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ داؤد ابراہیم کی ڈی کمپنی کے بیرون ملک منشیات کے آپریشنز میں ڈولا کو اہم سرغنہ مانا جاتا ہے۔ اندازوں کے مطابق اس کی
نگرانی میں سالانہ تقریباً 5000 کروڑ روپے کا منشیات کا کاروبار چل رہا تھا۔چند ماہ قبل ڈولا کے نیٹ ورک سے وابستہ سلیم سہیل شیخ نامی ایک ڈیلر کو دبئی میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اسے بھارت لانے کے بعد اس نیٹ ورک کی تحقیقات تیز
ہوئیں اور گزشتہ سال جون میں سلیم ڈولا کے بیٹے طاہر کو بھی گرفتار کیا گیا۔ طاہر کو بھی یو اے ای سے بھارت لا کر تفتیش کی گئی۔ انہی کارروائیوں کے دوران سلیم ڈولا کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوئیں۔



