جمعیۃ علماء بودھن کی سماجی و فلاحی خدمت، اے آر پی کیمپ میں بورویل کی تنصیب اور پیر شبیر ٹیلرنگ سنٹر کا افتتاح
جمعیۃ علماء بودھن کی سماجی و فلاحی خدمت، اے آر پی کیمپ میں بورویل کی تنصیب اور پیر شبیر ٹیلرنگ سنٹر کا افتتاح
جمعیۃ علماء بودھن کی جانب سے آج بروز اتوار، 3 مئی 2026 کو اے آر پی کیمپ گاؤں میں اہم فلاحی اقدامات انجام دیے گئے، جن میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے بورویل کی تنصیب اور خواتین کو خود کفیل بنانے کے مقصد سے “پیر شبیر ٹیلرنگ سنٹر” کا قیام شامل ہے۔
خصوصی بات یہ ہے کہ جمعیۃ علماء بودھن کی سہ ماہی رپورٹ، جو مختلف مساجد میں چسپاں کی گئی تھی، کو پڑھنے کے بعد اے آر پی کیمپ کے ذمہ داران نے اس نوعیت کے فلاحی کاموں کی ضرورت پیش کی۔ اسی عوامی تقاضے کے پیش نظر جمعیۃ علماء بودھن نے فوری اقدام کرتے ہوئے بورویل کی تنصیب اور ٹیلرنگ سنٹر کے قیام کا کام مکمل کیا۔
یہ ٹیلرنگ سنٹر حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب رحمۃ اللہ علیہ، سابق صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش، کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ افتتاح حضرت مولانا سید سمیع اللہ صاحب قاسمی، صدر جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد، کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
تقریب میں مہمانانِ خصوصی کے طور پر جناب محمد نصیر الدین صاحب (موظف لکچرر و نائب صدر)، جناب محمد افضل الدین صاحب (جنرل سکریٹری)، حافظ عتیق احمد صاحب (سکریٹری)، مولانا اسماعیل عارفی صاحب (صدر حج سوسائٹی نظام آباد) اور جناب وسیم احمد خان صاحب (خازن حج سوسائٹی نظام آباد) شریک ہوئے۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء بودھن کے ذمہ داران کو مرکزی حیثیت حاصل رہی، جن کی کاوشوں سے یہ منصوبہ پایۂ تکمیل کو پہنچا۔ ان میں حافظ محمد افسر صاحب مظہری (صدر جمعیۃ علماء بودھن)، مولوی سید تنویر حسین صاحب (سکریٹری)، حافظ محمد احمد صاحب (نائب صدر)، حافظ راحت خان صاحب (جوائنٹ سکریٹری)، مولوی وقاص احمد صوفی صاحب (نائب خازن) اور حافظ مشتاق احمد صاحب (صدر جمعیۃ علماء اوٹ پلی و امداپور) شامل ہیں۔
اپنے خطاب میں جناب محمد نصیر الدین صاحب نے تعلیم کے ساتھ ہنر سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ حضرت مولانا سید سمیع اللہ صاحب قاسمی نے پانی پلانے کے اجر و ثواب اور اس کے سماجی فوائد پر روشنی ڈالی، اور ٹیلرنگ سنٹر کو خواتین کی خود کفالت کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
اس موقع پر اے آر پی کیمپ کے مقامی ذمہ داران، جناب عبدالباسط، جناب چاند بھائی (ٹیلر)، جناب ونود بھائی (سرپنچ)، جناب بابا بھائی (نائب سرپنچ) اور دیگر نوجوانانِ گاؤں بھی موجود رہے۔
مقامی عوام نے جمعیۃ علماء بودھن کی ان خدمات کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثالی فلاحی اقدام قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے عوامی فلاحی منصوبے جاری رہیں گے۔



