نیٹ ری ایگزام کے ایڈمٹ کارڈ میں بڑی غلطی، ناگپور کے طالب علم عبداللہ کو ابوظہبی میں امتحانی مرکز الاٹ

نئی دہلی: نیٹ ری ایگزام سے متعلق نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ایڈمٹ کارڈ میں ایک سنگین خامی سامنے آئی ہے۔ مہاراشٹر کے ناگپور سے تعلق رکھنے والے ایک امیدوار کو امتحانی مرکز متحدہ عرب امارات کے
شہر ابوظہبی میں الاٹ کر دیا گیا جس کے بعد یہ معاملہ موضوعِ بحث بن گیا۔ این ٹی اے نے اس پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلے کو حل کیا جا رہا ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یہ واقعہ امتحان سے محض ایک دن قبل پیش آیا۔نیٹ
ری ٹیسٹ کے انعقاد سے قبل عبداللہ محمد طالب نامی امیدوار نے جمعہ کی شام اپنا ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کیا۔ ایڈمٹ کارڈ میں درج امتحانی مرکز دیکھ کر وہ حیران رہ گیا۔ این ٹی اے نے اسے ابوظہبی کے ایک بھارتی اسکول میں امتحان
دینے کے لیے مرکز الاٹ کیا تھا۔ اس ایڈمٹ کارڈ کی تصویر اس وقت سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔طالب علم کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے امتحانی مراکز کے انتخاب کے دوران ایسی کسی جگہ کا انتخاب نہیں کیا تھا۔ ان کا
کہنا تھا کہ معاملے کو فوری طور پر این ٹی اے کے علم میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این ٹی اے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ہفتہ کی شام 4 بجے تک نیا ایڈمٹ کارڈ جاری کر دیا جائے گا۔ والد نے مطالبہ کیا کہ وقت کی کمی کے پیش نظر
ان کے بیٹے کو ناگپور ہی میں امتحانی مرکز فراہم کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس غیر متوقع غلطی کی وجہ سے ان کا بیٹا شدید ذہنی دباؤ اور پریشانی کا شکار ہو گیا ہےاس معاملے پر این ٹی اے نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ
ایک تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ ایجنسی کے مطابق متعلقہ امیدوار کو ناگپور میں ہی ایک نیا امتحانی مرکز الاٹ کیا جائے گا۔این ٹی اے نے تمام امیدواروں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر ایڈمٹ کارڈ میں ذاتی معلومات، امتحانی مرکز یا کسی
دیگر اہم تفصیل سے متعلق کوئی غلطی نظر آئے تو فوراً ادارے کی توجہ اس جانب مبذول کرائیں تاکہ بروقت اصلاحی اقدامات کیے جا سکیں۔



