ولیمہ کی تقریب میں مبینہ گائے کا گوشت پیش کیے جانے کی اطلاع پر پولیس کا دھاوا – دلہا اور ماما گرفتار
شاملی: اتر پردیش کے ضلع شاملی کے کیرانہ کوتوالی علاقے میں ایک شادی کی تقریب کے دوران ممنوعہ گائے کا گوشت پیش کئے جانے کی اطلاع پر پولیس نے رات دیر گئے مغل گارڈن میرج ہوم پر دھاوے کیے۔ کارروائی کے دوران دلہا فرمان اور دلہے کا ماما سلمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق کیرانہ کے کھدر علاقے میں گائے ذبح کئے جانے کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے باقیات اور دیگر اشیا برآمد کی گئی تھیں۔ ٹائروں کے نشانات اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ایک گاڑی کا سراغ لگایا گیا، جو پولیس کو میرج ہوم تک لے گئی۔
دھاوے کے دوران پولیس نے 40 بڑے دیغ میں مبینہ طور پر گائے کا گوشت برآمد کرنے کا دعویٰ کیا، جبکہ کچھ دیگر باقیات بھی ضبط کی گئیں۔ موقع سے دلہا فرمان ولد فرقان اور سلمان ولد دلشاد کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ میرج ہوم کا منتظم انیس انصاری فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
سب انسپکٹر گورو چوہان کی شکایت پر کیرانہ کوتوالی میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ گرفتار دلہا فرمان چندی گڑھ میں خواتین کے ملبوسات کی دکان چلاتا ہے اور شادی کے سلسلے میں 20 روز قبل کیرانہ آیا تھا۔ اس کے والد فرقان بھی قصبے میں لیڈیز سوٹ کی دکان کے مالک ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایک مقامی تاجر عمران کے ذریعہ مبینہ طور پر گائے کا گوشت منگوانے اور جانور ذبح کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ دلہا فرمان اپنی شادی میں تحفے میں ملنے والی ایس یو وی گاڑی کے ذریعے گوشت میرج ہوم تک لے کر آیا تھا۔ تحقیقات جاری ہیں۔




