عاشق سے بات کرنے میں رکاوٹ پر ماں نے 3 سالہ بیٹے کا قتل کر دیا، اترپردیش میں دل دہلا دینے والا واقعہ

متھرا: اترپردیش کے ضلع متھرا میں ایک ماں کی جانب سے اپنے ہی تین سالہ بیٹے کو مبینہ طور پر بے رحمی سے قتل کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بچے کے رونے اور عاشق سے فون پر بات کرنے میں خلل ڈالنے پر ماں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
یہ واقعہ بلدیو تھانہ علاقے کے چولی گاؤں میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق چولی گاؤں کے کرشن مراری گپتا کی بیوی روچی جندال (32 سال) کے ایک شخص سے ناجائز تعلقات تھے۔ 28 جون کو جب شوہر گھر پر موجود نہیں تھا روچی اپنے محبوب سے فون پر بات کر رہی تھی۔
اسی دوران اس کا تین سالہ بیٹا مادھو بار بار رونے لگا اور اس کی گفتگو میں خلل ڈالنے لگا۔پولیس کے مطابق غصے میں آکر ماں نے بچے کا گلا دبا دیا جس سے اس کی موت ہو گئی۔واقعے کے بعد روچی نے مبینہ طور پر ایسے ظاہر کیا جیسے اسے کچھ معلوم نہیں۔ اس نے شوہر کو فون کر کے بتایا کہ بچے کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے۔ارکان خاندان بچے کو اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
خاندان کو شبہ تھا کہ شاید پولیو کی خوراک کے ردعمل کے باعث بچے کی موت ہوئی جس کے بعد نعش کو دفن کر دیا گیا۔تقریباً ایک ماہ بعد 27 جولائی کو شوہر کرشن مراری کو اپنی بیوی کے رویہ پر شک ہوا۔ انہوں نے اس کے فون کالس کی جانچ کی جس دوران انہوں نے مبینہ طور پر روچی کی اپنے محبوب سے گفتگو سن لی۔
جب شوہر نے اس سے پوچھ گچھ کی تو روچی نے مبینہ طور پر اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ اس کے بعد ارکان خاندان نے پولیس کو اطلاع دی۔بلدیو پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مہاون کے سی او سنجیو کمار رائے کے مطابق ملزمہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے
اور عدالت کے حکم کے بعد بچے کی نعش کو قبر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا۔



