جنرل نیوز

ووٹرز کے حقوق کے تحفظ کے لئے اے پی سی آر۔ تلنگانہ کا خصوصی ورکشاپ ایس آئی آر کے دوسرے مرحلے میں نوٹس، اعتراضات اور اپیل کے طریقۂ کار پر ماہرین کی رہنمائی

ووٹرز کے حقوق کے تحفظ کے لئے اے پی سی آر۔ تلنگانہ کا خصوصی ورکشاپ

ایس آئی آر کے دوسرے مرحلے میں نوٹس، اعتراضات اور اپیل کے طریقۂ کار پر ماہرین کی رہنمائی

 

ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس، اے پی سی آر۔تلنگانہ کی جانب سے ووٹر ز کے حقوق کے تحفظ اور ایس آئی آر کے دوسرے مرحلے کے قانونی و عملی پہلوؤں سے وکلاء اور سماجی کارکنوں کو واقف کرانے کے لیے ایک خصوصی ورکشاپ مدینہ ایجوکیشن سنٹر، نامپلی، حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ ورکشاپ میں ایس آئی آر کے دوسرے مرحلہ کے دوران شہریوں کو درپیش ممکنہ مسائل، نوٹس، اعتراضات، اپیل، ضروری دستاویزات اور قانونی چارہ جوئی کے طریقۂ کار پر تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی۔اے پی سی آر تلنگانہ کے جنرل سکریٹری ڈاکٹرشیخ محمد عثمان نے ایس آئی آر کے سلسلے میں تنظیم کی جانب سے اب تک کی جانے والی سرگرمیوں ، قانونی تیاری، عوامی بیداری، وکلاء سے مشاورت اور مختلف اضلاع میں جاری کام کی تفصیلات پیش کیں ۔

 

انہوں نے کہا کہ اے پی سی آر کا مقصد متاثرہ اور ضرورت مند شہریوں کو بروقت قانونی معلومات اور عملی معاونت فراہم کرنے کے لیے ریاست گیر منظم نظام قائم کرنا ہے۔سینئر ایڈووکیٹ مسٹررگھوناتھ نے انتخابی عمل میں شفافیت اور ووٹر کے حق کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی انتخابی عمل کے نتیجے میں شہریوں کے بنیادی اور دستوری حقوق متاثر نہیں ہونے چاہئیں ۔ انہوں نے وکلاء سے اپیل کی کہ وہ آئینی حقوق اور جمہوری اقدار کے تحفظ میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں ۔ایڈووکیٹ لارا جیسنی، سکریٹری پی یو سی ایل، نے حقائق کی جانچ، دستاویز بندی، قانونی معاونت اور قانونی مداخلت کے طریقۂ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی آر سے متعلق ہر معاملے کو مکمل حقائق اور ضروری دستاویزات کے ساتھ ریکارڈ کرنا ضروری ہے

 

تاکہ ضرورت پڑنے پر مناسب قانونی فورم سے رجوع کیا جاسکے۔ ڈیٹا تجزیہ کار شازین صدیقی نے نوٹس، اعتراضات اور اپیل کے عملی طریقۂ کار پر روشنی ڈالی اور مختلف مثالوں کے ذریعے بتایا کہ نوٹس موصول ہونے کی صورت میں اس کی نوعیت اور اعتراض کو سمجھتے ہوئے مناسب جواب اور مطلوبہ دستاویزات پیش کرنا کس طرح ضروری ہے۔ورکشاپ میں سوال و جواب کا خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں شرکاء نے ایس آئی آر، نوٹس، دستاویزات، اعتراضات، اپیل اور قانونی پیچیدگیوں سے متعلق مختلف سوالات کیے۔

 

مقررین نے عملی مثالوں کے ذریعے شرکاء کے سوالات کے جوابات دئے۔اختتام پر ڈاکٹرشیخ محمد عثمان نے اے پی سی آر تلنگانہ کے آئندہ ریاست گیر منصوبے کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مسودہ انتخابی فہرست اور نوٹس کے مرحلے میں ضلعی رابطہ کاروں ، وکلاء کی ٹیموں اور رضاکاروں کے ذریعے شہریوں کو قانونی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر ایکزیکٹیو ممبر اے پی سی آر محمد کلیم الدین و دیگر نے انتظامات کی نگرانی کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button