جدہ قونصل خانہ میں جشن آزادی تقریب۔ الیمزان ٹورس اینڈ ٹراویلس کے مینجنگ ڈائریکٹر حافظ محمد فیاض علی کی شرکت

حیدرآباد: سعودی عرب کے شہر جدہ میں واقع ہندوستانی قونصل خانے میں ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی 15 اگست کو ہندوستان کا یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
اس موقع پر منعقدہ پروقار تقریب میں قونصل جنرل فہد احمد خان سوری نے قومی پرچم لہرایا۔تقریب کے انتظامات کی نگرانی پروگرام انچارج سید افتخار احمد نے کی۔
تقریب میں ہندوستانی برادری سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور معززین نے شرکت کی۔اس موقع پر الیمزان ٹورس اینڈ ٹراویلس کے مینجنگ ڈائریکٹر حافظ محمد فیاض علی کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ الیمزان ٹورس اینڈ ٹراویلس کا قافلہ ان دنوں ادائیگیِ عمرہ کے سلسلے میں مکہ مکرمہ میں موجود ہے تاہم ہندوستان کے یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کے لیے حافظ محمد فیاض علی نے خصوصی طور پر جدہ پہنچ کر تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں مرزا قدرت بیگ، حافظ امجد اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ شرکاء نے ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مجاہدین کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملک کی ترقی خوشحالی اور امن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب کے دوران حب الوطنی کے جذبات نمایاں رہے اور ہندوستانی برادری کے افراد نے اپنے وطن سے وابستگی اور محبت کا اظہار کیا۔




