عمرہ پیکج کے نام پر دھوکہ ، حیدرآباد میں شاطر ملزم گرفتار

حیدرآباد: میلاردیوپلی پولیس نے عمرہ پیکیج کے نام پر انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام کو دھوکہ دینے والے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم
"Tours_2_Umrah” کے نام سے ٹرایول کاروبار چلا رہا تھا اور عمرہ کے خواہشمند افراد کو اپنے جال میں پھنسا کر لاکھوں روپے وصول کر رہا تھا۔پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون اور کیس سے متعلق اہم دستاویزات ضبط کیے ہیں۔
وہ انسٹاگرام پر تشہیری پوسٹس کے ذریعے رابطہ کرنے والے گاہکوں سے براہِ راست بات کرتا اور عمرہ سفر کا انتظام کرنے کے نام پر رقم وصول کرتا تھا۔شکایت کے مطابق زیشان اور ان کے اہلِ خانہ نے رمضان کے دوران عمرہ پر جانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ عمرہ پیکیج کی تلاش کے دوران انہوں نے انسٹاگرام پر ایک Umrah Tours and Travels کا پیج دیکھا۔
پیج پر موجود فون نمبر پر رابطہ کرنے پر ایک شخص نے اپنا نام سید افسر الدین بتایا۔مذکورہ شخص نے چار افراد کے عمرہ سفر کا انتظام کرنے کے لیے مجموعی طور پر 4 لاکھ روپے طلب کیے۔ اس کی باتوں پر یقین کرتے ہوئے شکایت کنندہ نے اسے 3.5 لاکھ روپے منتقل کردیئے۔رقم وصول کرنے کے بعد ملزم نے نہ تو وعدے کے مطابق ویزا فراہم کیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔
بعد ازاں اس نے اپنا موبائل فون بند کردیا۔پولیس کی تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ اسی شخص نے مبینہ طور پر دیگر افراد سے بھی اسی طریقے سے رقم وصول کرکے انہیں دھوکہ دیا اور کئی لاکھ روپے ہتھیا لیے۔ پولیس نے اس معاملہ میں محمد عمران، ولد محمد عبد الحمید، عمر 30 سال، پیشہ فوٹوگرافر، ساکن بہادرپورہ، حیدرآباد کو گرفتارکرلیا جبکہ اس کا ساتھی سید افسر متوطن میدک حال مقیم دبئی مفرور ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عمرہ پیکن کے نام پر سوشل میڈیا، خصوصاً انسٹاگرام پر دی جانے والی تشہیری پوسٹس پر بغیر تصدیق کے بھروسہ نہ کریں۔پولیس نے کہا کہ کسی بھی ٹرویول ایجنسی یا عمرہ پیکیج کے لیے رقم منتقل کرنے سے قبل متعلقہ ادارے اس کے دستاویزات، دفتر اور دیگر تفصیلات کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے۔



