شمش آباد میں المناک حادثہ، سعودی عرب واپس جانے والے کریم نگر کے محمد عظیم کی موقع پر موت ؛ 18 مہینہ پہلے ہوئی تھی نوجوان کی شادی
حیدراباد – حیدرآباد کے مضافاتی علاقے شمش آباد میں ایک ٹراویلس بس بے قابو ہوکر بالاجی بھون ہوٹل میں گھس گئی۔ بتایا گیا ہے کہ کشن گوڑہ کی سیون ہلز پرائیویٹ ٹراویلس کمپنی کی بس بے قابو ہوگئی اور کنٹینر سے بچنے کی کوشش میں سڑک کنارے واقع بالاجی بھون ہوٹل میں جا گھسی .اس حادثہ میں ایک نوجوان جاں بحق اور کئی افراد زخمی ہوگئے.
بتایا گیا ہے کہ جاں بحق نوجوان کی شناخت کریم نگر کے سٹیزنس کالونی کے رہنے والے محمد عظیم این آر آئی ولد محی الدین کے طور پر ہوئی ہے محمد عظیم سعودی عرب واپس جانے کے لئے ایئرپورٹ روانہ ہوئے تھے۔ شمش آباد گاؤں میں چائے پینے کے لیے انہوں نے اپنی کار سڑک کے کنارے کھڑی کی اور چائے لینے گئے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ چائے لے کر واپس آتے وقت ایک تیز رفتار پرائیویٹ ٹریولس بس بے قابو ہوکر ان سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں محمد عظیم کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ ان کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
محمد عظیم کی شادی کو ابھی صرف 18 ماہ ہوئے تھے اور ان کا ایک ننھا بچہ بھی ہے۔ وہ سعودی عرب سے اپنے بچے کو دیکھنے کے لئے حیدرآباد آئے تھے اور تقریباً 10 دن بعد دوبارہ سعودی عرب واپس جا رہے تھے کہ یہ افسوسناک حادثہ پیش آگیا۔ نوجوان کی اچانک موت سے افراد خاندان اور عزیز و اقارب میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
بتایا گیا ہے کہ شمش آباد کے قریب کشن گوڑہ کی سیون ہلز پرائیویٹ ٹریولس کمپنی کی یہ بس بے قابو ہوکر ایک کنٹینر سے بچنے کی کوشش کے دوران سڑک کنارے کھڑی تین کاروں کو بھی ٹکر دیتے ہوئے بالاجی بھون ہوٹل میں جا گھسی۔
جس کی وجہ سے محمد عظیم کی موت ہوگئی، جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بس کی زد میں آکر ہوٹل کے علاوہ تین کاریں بھی تباہ ہوگئیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا۔



