بی جے پی، بی آر ایس ایک سکہ کے دو رخ ہیں ،انکا ایجنڈا دلتوں کو دبانا ہے، کاماریڈی میں “زبیراختر” ضلع انچارج کی پریس کانفرنس

بی جے پی، بی آر ایس ایک سکہ کے دو رخ ہیں ،انکا ایجنڈا دلتوں کو دبانا ہے،دلتوں و کمزور طبقات کے حقوق کیلئے کانگریس کے ساتھ متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت، کاماریڈی میں “زبیراختر” ضلع انچارج کی پریس کانفرنس
کاماریڈی، 13 ستمبر(سیدکوثرعلی کی رپورٹ) بی جے پی اور بی آر ایس دونوں ہی ایک سکہ کے دو رخ ہیں یہ دونوں ہی دلت مخالف جماعتیں ہیں اور دونوں کا سیاسی ایجنڈا دلتوں و کمزور طبقات کو دبانا ہے۔ دلتوں اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کیلئے عوام کو کانگریس کے ساتھ متحد ہوکر جدوجہد کرنی چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار کانگریس پارٹی کے کاماریڈی ضلع انچارج ترجمان زہیر اختر نے اتوار کو کانگریس پارٹی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی جانب سے کانگریس کے قومی صدر و دلت رہنما ملکارجن کھرگے کے ایک پروگرام کے بعد مقام کو مبینہ طور پر پاک کرنے کا واقعہ ان کے دلت مخالف اور منو وادی نظریات کو ظاہر کرتا ہے۔
زہیر اختر نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی کے دلت اسپیکر گڈم پرساد کمار کے خلاف بی آر ایس رہنماؤں تاتا مدھو اور نوین کمار ریڈی کی جانب سے مبینہ طور پر نازیبا اور غیر پارلیمانی زبان کا استعمال افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے کا احترام کرنا ہر سیاسی جماعت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ بی آر ایس حکومت کے دور میں دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کہاں گیا؟ ہر دلت خاندان کو تین ایکڑ اراضی دینے کے وعدے اور دلت بندھو اسکیم پر بھی بی آر ایس کو عوام کے سوالات کا جواب دینا چاہئے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی آر ایس دور حکومت میں کانگریس کے دلت قائد ملو بھٹی وکرمارکا کے اپوزیشن لیڈر کے عہدے کو بھی کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔ زہیر اختر نے بی جے پی اور بی آر ایس میں موجود دلت قائدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے سیاسی مستقبل پر غور کرتے ہوئے سماجی انصاف، مساوات اور آئین کے تحفظ کیلئے کانگریس میں شامل ہوں۔انہوں نے دانشوروں، طلبہ، نوجوانوں، دلتوں اور کمزور طبقات سے مذہبی و تقسیم کی سیاست کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی حفاظت، سماجی انصاف کا حصول اور سیکولر طاقتوں کا استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس موقع پر ٹاؤن کانگریس صدر آئریـنی سندیپ، ضلع کانگریس نائب صدر پندل راجو، ایس سی سیل ضلع صدر بھومنی بالراج، منڈل کانگریس صدر راجا گوڑ، یوتھ کانگریس اسمبلی صدر گڈوگلا سرینواس، کشور راؤ، بی بی پیٹ منڈل کانگریس صدر پاتا راجو سمیت دیگر موجود تھے



