تمام ریاستوں میں وندے ماترم گانا ہوگا: مرکزی وزیر امیت شاہ

ممبئی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی تمام ریاستوں میں قومی گیت ’وندے ماترم‘ گایا جانا چاہیے۔ ممبئی میں منعقدہ چھٹی آل انڈیا راج بھاشا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’وندے ماترم‘ کی عظمت کو مکمل طور پر بحال کرنے میں تقریباً 80 سال لگ گئے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کی جدوجہد میں اس گیت نے انتہائی اہم کردار ادا کیا اور یہ ہندوستانی ثقافتی شعور اور قومی شناخت سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔امیت شاہ نے ہندوستانی زبانوں کے فروغ کو ثقافتی قوم پرستی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ عوام میں ملک کی ثقافت اور شاندار تاریخ کے بارے میں وسیع شعور پیدا کرنا
حکومت کا اہم مقصد ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ ملک کی لسانی تنوع کو اختلاف نہیں بلکہ قومی اتحاد کی بنیاد بننے والی بڑی طاقت کے طور پر دیکھا جائے۔نئی تعلیمی پالیسی (NEP) کی اہمیت بیان کرتے ہوئے امیت شاہ نے اس پر ہونے والی تنقید کو سختی سے مسترد کیا۔
انہوں نے طلبہ کو مادری زبان کے ساتھ ایک اور ہندوستانی زبان سیکھنے کی ترغیب دینے والی پالیسی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس شق کی مخالفت کرنے والے بڑا گناہ کررہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس تعلیمی پالیسی کا مقصد کسی ایک مخصوص زبان کو مسلط کرنا نہیں
بلکہ ہندوستانیوں میں ایک دوسرے کی زبانوں اور ثقافتوں کے تئیں باہمی سمجھ بوجھ اور اپنائیت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ابتدائی تعلیم مادری زبان میں دینا لازمی قرار دیا ہے۔



