جنرل نیوز

رمس سانحہ: جمعیت علماء ہند کے وفد کا دورہ، مکمل تحقیقات اور متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ

عادل آباد۔23/ستمبر (پریس نوٹ)جمعیتہ علماء ہند ضلع پریس سیکریٹری حافظ خضر احمد یافعی کی اطلاع کے بموجب عادل آباد رمس اسپتال میں پیش آئے المناک حادثے میں پانچ معصوم بچوں کی موت پر جمعیت علماء ہند نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

 

جمعیت علماء ہند کے قومی صدر حضرت مولانا ارشد مدنی کی ہدایت، تلنگانہ و آندھرا کے ریاستی صدر مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی کی رہنمائی، ریاستی جنرل سیکریٹری مفتی محمود زبیر قاسمی کی سرپرستی اور ضلع صدر مولانا عقیل احمد قاسمی کی نگرانی میں جمعیت کے نمائندہ وفد نے رمس اسپتال کا دورہ کیا۔ وفد میں ٹاؤن صدر حافظ عامر پٹیل خان، ضلع جنرل سیکریٹری حافظ افروز خان مصباحی، جمعیتہ علماء ہند عادل آباد ضلع خازن مفتی عبدالعظیم اسعدی، ضلع سیکریٹری مولانا وسیم، ٹاؤن نائب صدر حافظ فیروز خان، رکن حافظ ریاض اور رضوان شامل تھے۔

 

وفد نے اسپتال میں صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متاثرین سے ملاقات کی اور تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ وفد نے ایڈیشنل کلکٹر راجیشور اور رمس ڈائریکٹر جئے سنگھ راتھوڑ سے بھی ملاقات کی اور سانحہ سے متعلق تفصیلات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت حفاظتی انتظامات اور پیشگی احتیاطی اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا۔

 

وفد نے بی جے پی رکن اسمبلی پائل شنکر سے بھی ملاقات کرتے ہوئے واقعہ کی مکمل تحقیقات، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی اور مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کا مطالبہ کیا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت کے ذمہ داران حافظ عامر پٹیل اور حافظ افراز خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ رمس اسپتال میں تمام اسٹاف کو مستقل کیا جائے، نگرانی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے، ڈاکٹرس اور طبی عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور ٹیکنیشن ڈپارٹمنٹ میں مستقل عملہ مقرر کیا جائے۔

 

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حادثے میں جاں بحق پانچ معصوم بچوں کے خاندانوں کو فی خاندان 50 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ڈبل بیڈروم مکان اور سرکاری ملازمت فراہم کرنے پر بھی غور کیا جائے۔

 

جمعیت علماء ہند کے ذمہ داران نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت اس غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button