ڈی آر ڈی اے میں اٹینڈر کی نوکری دلانے کے نام پر دھوکہ دہی عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

عادل آباد، 6/ اکتوبر (اردو لیکس) عادل آباد شہر میں ڈی آر ڈی اے (DRDA) میں اٹینڈر کی نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر ایک شخص سے ₹47 ہزار کی رقم وصول کرکے دھوکہ دینے کے معاملہ میں عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اسے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا۔
عادل آباد ٹو ٹاؤن انسپکٹر کے. ناگراجو کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شیخ فاروق (46)، ولد شیخ محمد، ساکن بھاگیہ نگر، عادل آباد کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق عادل آباد کے رہنے والے ابھیلاش کو ملزم شیخ فاروق نے ڈی آر ڈی اے میں اٹینڈر کی نوکری دلانے کا یقین دلایا۔ اس سلسلہ میں رواں سال مئی کے دوران اس نے متاثرہ شخص سے دو قسطوں میں بالترتیب ₹45,000 اور ₹2,000 وصول کیے۔ تاہم رقم لینے کے بعد نوکری نہیں دلائی گئی۔
متاثرہ شخص نے پیر کے روز عادل آباد ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں اور ملزم شیخ فاروق کو گرفتار کرلیا۔ عدالت میں پیش کیے جانے کے بعد اسے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
انسپکٹر کے. ناگراجو نے بتایا کہ ملزم کے خلاف اس سے قبل بھی دو دھوکہ دہی کے مقدمات درج ہیں۔
انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ سرکاری یا کسی بھی محکمہ میں نوکری دلانے کا وعدہ کرنے والے افراد پر بھروسہ کرکے رقم ادا نہ کریں۔ اگر کسی شخص کو اس نوعیت کی دھوکہ دہی کا سامنا ہوا ہو تو وہ بلا خوف و ہچکچاہٹ ضلع پولیس سے رجوع کریں۔



