جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کا ماہانہ اجلاس،مکاتب کو مضبوط ومستحکم کرنے کا عزم.

*دینی تعلیم کو گھر گھر تک پہنچانے کے لئے مکاتب کا قیام ضروری !*
جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کا ماہانہ اجلاس،مکاتب کو مضبوط ومستحکم کرنے کا عزم
کریمنگر،8 اکتوبر8(نثار احمد پروانہ)جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کا ماہانہ اجلاس 8 اکٹوبر بروزجمعرات صبح ۱۰ بجے دفتر جمعیۃ الحفاظ روبرو ناکہ چوراستہ کریم نگر میں حافظ احمد منقبت شاہ خان صدر جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ابتداء میں حافظ محمد وسیم الدین معتمد جمعیۃ الحفاظ نے دینی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ کوئی ایک بچہ بھی دینی تعلیم کے بغیر نہ رہ جائے جگہ جگہ مکاتب کا قیام ضروری ہے اور مکاتب کو معیاری بنانا جو مکاتب کے نظام و نصاب کے اعتبار سے بہتر ہو اسکے لئے ہر ممکن کوشش کی ضرورت ہے۔حافظ محمد معظم حسین فیضی خازن جمعیۃ الحفاظ کریم نگر نے “نورانی قاعدہ کیسے پڑھایا جائے” اس سلسلہ میں دیہاتوں کے معلمین کی خصوصی کلاس لی اور تمام قواعد ومخارج کی ادائیگی پر روشنی ڈالتے ہوئے معلمین سے کہا کہ عام طور پر ہم پڑھتے وقت تو تجوید کے ساتھ پڑھتے ہیں لیکن پڑھانے میں تجوید اور قواعد کی رعایت نہیں کرتے جس کی وجہ سے تلفظ ومعانی تبدیل ہونے سے ثواب کی جگہ ہم گناہ کے مستحق بنتے ہیں
۔حافظ سید رضوان فلاحی سکریٹری جمعیۃ الحفاظ کریم نگر نے کہا کہ ہم جمعہ کی اہمیت کو سمجھنے والے بنیں،جمعہ مسلمانوں کے اتحاد اور آپسی بھائی چارہ کا دن ہے،حدیث میں اسے عید المومنین کہا گیا ہے،اس کے ذریعہ مسلمانوں میں دینی تبدیلی آسکتی،جمعہ کے لئے حساس عنوانات کا انتخاب کریں اور وقت متعین کرکے وقت کے اندر اپنا بیان مکمل کریں۔حافظ محمد ضیاء اللہ خان نائب صدر جمعیۃ الحفاظ نے کہا کہ اسکولی طلباء وطالبات کے لئے یہ تعطیلات کا وقت ہے یہ ایک سنہری موقع ہے
بچوں کی تربیت اور انہیں دینی تعلیم سے واقف کرنے کا،لہذا اس کو غنیمت سمجھتے ہوئے مکاتب میں زیادہ سے زیادہ وقت دینے کی کوشش کریں۔حافظ احمد منقبت شاہ خان صدر قاضی وصدر جمعیۃ الحفاظ کریم نگر نے کہا کہ الحاد و ارتداد اور ضلالت و گمرہی کو جو وبا آج چاروں طرف پھیلی ہوئی ہے ٬ اس سے بچنے کا واحد طریقہ ” مکاتب کا قیام و استحکام ” ہے ۔حافظ صادق علی احمد سکریٹری اور حافظ فرید الدین امجد نائب خازن جمعیۃ الحفاظ کے علاوہ دیہاتوں کے معلمین ومعاونین موجود تھے۔




