کولکتہ سے حیدرآباد 5 کروڑ کا سونا اور غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ کا پردہ فاش

حیدرآباد: شہر میں سونے کی اسمگلنگ کرنے والے ایک گروہ کا پردہ فاش ہوا ہے۔ ریاست آندھرا پردیش وجئے واڑہ کے مضافاتی علاقے میں ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس کے حکام نے تلاشی مہم انجام دی۔
اس دوران ایک گاڑی اور ایک بس سے غیر قانونی طور پر منتقل کی جانے والی غیر ملکی کرنسی اور سونا ضبط کیا گیا۔ ضبط شدہ اشیاء کی مجموعی مالیت تقریباً 5 کروڑ 84 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق بنگلہ دیش سے کولکتہ کے راستے سونا اور کرنسی حیدرآباد اسمگل کیا جا رہا تھا۔
اسکارپیو گاڑی کے خفیہ خانے سے 60 ہزار امریکی ڈالر اور 21 ہزار 500 یورو برآمد کیے گئے۔حیدرآباد کی جانب آنے والی ایک بس میں سفر کر رہے تین افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ وہ اپنی کمر سے باندھے گئے پاؤچ میں 3.147 کلوگرام سونا چھپا کر لے جا رہے تھے۔
اس معاملے میں مجموعی طور پر پانچ افراد کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ڈی آر آئی کے حیدرآباد یونٹ اور وجئے واڑہ ریجنل یونٹ کے افسران نے باہمی تال میل کے ساتھ یہ کارروائی انجام دی۔
حکام نے بتایا کہ سونے کی اسمگلنگ کرنے والے اس گروہ کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔



