جرائم و حادثات

حیدرآباد میں لیڈی ڈان ریشماں گرفتار

حیدرآباد۔  خود کو لیڈی ڈان ظاہر کرنے والی ریشماں عرف ریشماں بیگم کو لنگر حوض پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اس پر ایک خاندان کو دھمکیاں دے کر رقم وصول کرنے کی کوشش کرنے اور ہراساں کرنے کے الزامات ہیں۔

 

پولیس کے مطابق حسن نگر کی رہنے والی عشریہ خان نے شکایت درج کروائی کہ عطاپور کی رہنے والی ریشماں گزشتہ ایک ہفتے سے ان کے خاندان کو مسلسل ہراساں کر رہی تھی اور رقم نہ دینے پر خاندان کے تمام افراد کو دھمکیاں دے رہی تھی۔

 

شکایت کنندہ کے مطابق ریشماں نے ماضی میں بھی ان کے بھائی منور حسین خان سے کئی مرتبہ رقم وصول کی تھی۔ مزید رقم دینے سے انکار پر وہ فون کالز کے ذریعے گالی گلوچ اور دھمکیاں دینے لگی۔ اس پر جسمانی حملہ کرنے اور گھر والوں کو خوفزدہ کرنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

 

بتایا جاتا ہے کہ 19 نومبر کو ریشماں ایک نامعلوم شخص کے ساتھ پلسر موٹر سائیکل پر شکایت کنندہ کے گھر پہنچی اور مزید رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکیاں دیں۔شکایت کی بنیاد پر لانگر حوض پولیس نے کرائم نمبر 297/2026 کے تحت بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 329(3)، 308(4) اور 351(3) کے تحت مقدمہ درج کیا۔

 

پولیس نے ہفتہ کی صبح عطاپور میں ایس این آر گارڈنس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ریشماں کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ریشماں نے پوچھ گچھ کے دوران ہمایوں نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آئے ایک موٹر سائیکل جلانے کے معاملے میں بھی اپنے ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ اس پہلو سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

 

پولیس دیگر ممکنہ جرائم اور اس کے خلاف درج سابقہ مقدمات کی بھی جانچ کر رہی ہے۔مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button