حیدرآباد میں کار کی دہشت، 9 راہگیروں کو روند ڈالا؛ 4 شدید زخمی، ڈرائیور فرار

حیدرآباد کے کشائی گوڑہ پولیس اسٹیشن حدود میں منگل کی نصف شب ایک تیز رفتار کار نے سڑک کے کنارے پیدل چلنے والے افراد کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ اچانک پیش آئے اس حادثے میں 9 افراد کار کی زد میں آگئے، جن میں سے 4 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد موقع پر کچھ دیر کے لیے افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق، حادثے کے فوراً بعد کار ڈرائیور نے گاڑی روکنے یا زخمیوں کی مدد کرنے کے بجائے وہاں سے فرار ہونے میں عافیت سمجھی۔ مقامی افراد نے زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔
اطلاع ملنے پر کشائی گوڑہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس نے ہٹ اینڈ رن کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اس دوران حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے، جس میں کار کو راہگیروں کو ٹکر مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر فرار کار ڈرائیور کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے۔ حادثے کے اصل اسباب اور ڈرائیور کی غفلت سے متعلق بھی پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔



