جرائم و حادثات

خانگی ٹراویلس بس اور لاری میں تصادم 6 افراد ہلاک ؛ 20 دیگر زخمی – تلنگانہ کے کوداڑ کے قریب حادثہ

کوڈاڈ : تلنگانہ کے سوریا پیٹ ضلع کے کوڈاڈ منڈل کے دوراکنٹہ مضافاتی علاقے میں چہارشنبہ کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ حیدرآباد سے ایلور جانے والی پرائیویٹ ٹراویلس بس نے سڑک پر کھڑے لاری کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ حادثے میں 6 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ 20 مسافر شدید زخمی ہوئے۔ حادثہ کے وقت بس میں 42 مسافر سوار تھے۔ مرنے والے افراد میں 5 خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔

 

مرنے والے افراد کی شناخت این ٹی آر ضلع کے تیلاپرو سے تعلق رکھنے والی یاساراپو چنی (32)، وجئے واڑہ کی میری جیوتسنا (29)، ناگیندر بابو (21)، سوراورپو شکینہ، بھاونا اور لکشمی کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں کو کوڈاڈ سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

 

پولیس کے مطابق لوہے کا سامان لے جانے والا لاری سڑک پر کھڑا تھا۔ بس کے پیچھے سے ٹکرانے کے باعث لاری میں موجود لوہے کی چادریں بس کے اندر گھس گئیں اور نیند میں سفر کررہے مسافروں کے سروں میں پیوست ہوگئیں، جس سے حادثے کی شدت میں اضافہ ہوا۔ پولیس کا ابتدائی خیال ہے کہ ڈرائیور کی غنودگی اور تیز رفتاری حادثے کی وجہ ہوسکتی ہے۔ حادثے کے بعد بس ڈرائیور ملیکارجن موقع سے فرار ہوگیا۔

 

بس کو صبح 9 بجے ایلور پہنچنا تھا، تاہم صبح تقریباً 4 بجے یہ حادثے کا شکار ہوگئی۔ 6 افراد کی نعشیں کوڈاڈ سرکاری ہاسپٹل میں رکھی گئی ہیں۔ وزیر اتم کمار ریڈی کی ہدایت پر سوریا پیٹ ضلع کلکٹر اور ایس پی نے کوڈاڈ اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کئے۔

 

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اظہارِ افسوس

تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کوڈاڈ میں پیش آئے سڑک حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہتر سے بہتر علاج فراہم کرنے کی چیف سکریٹری کو ہدایت دی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button