دلخراش حادثہ میں 3 سالہ لڑکا جاں بحق۔حیدرآباد کے پرانے شہر میں دردناک واقعہ

حیدرآباد: سنتوش نگر آئی ایس سدن ایکس روڈ پر پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں 3 سالہ معصوم ازہان الدین جاں بحق ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ کل محی الدین اپنے ارکان خاندان کے ساتھ سویکار ہوٹل سے پارسل لینے کے لیے گئے تھے کہ اسی دوران ایک تیز رفتار گاڑی نے ان کے فرزند ازہان الدین کو ٹکر دے دی، حادثے کے بعد ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔
لڑکے کو فوری طور پر شالینی ہاسپٹل منتقل کیا گیا، بعد ازاں اسے اویسی ہاسپٹل منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے بعد معائنہ لڑکے کو مردہ قرار دیا۔
اطلاع ملتے ہی صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی اور فلور لیڈر اکبر الدین اویسی کی ہدایت پر یاقوت پورہ کے مجلسی رکن اسمبلی جعفر حسین معراج موقع پر پہنچے اور پولیس عہدیداروں سے بات چیت کی۔
پولیس کے مطابق گاڑی کا نمبر نوٹ کرلیا گیا ہے۔ گاڑی اور ڈرائیور کا سراغ لگاکر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ گاڑی چلاتے وقت احتیاط برتیں اور بچوں پر ہمیشہ نظر رکھیں۔



