جرائم و حادثات

دلہن شادی کے دو دن بعد زیورات اور نقد رقم لے کر فرار

ہاپوڑ: شادی کے دو دن بعد دلہن زیورات اور نقد رقم لے کر فرار، پنڈت سمیت دلہن اور اس کے اہل خانہ پر دھوکہ دہی کا الزام

 

لکھنو :  اترپردیش ہاپوڑ کے سمبھاولی تھانہ علاقے میں ایک دلہن شادی کے صرف دو دن بعد زیورات اور نقد رقم لے کر فرار ہوگئی۔ متاثرہ نوجوان نے شادی کرانے والے پنڈت، دلہن اور اس کے اہل خانہ پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

 

گاؤں لِسڑی عرف بھگوتی پور کے رہنے والے ونود کمار نے بتایا کہ تقریباً تین ماہ قبل اس کی شادی کے لیے ہلدوانی کے رہنے والے پنڈت راکیش شاستری سے رابطہ ہوا تھا۔ پنڈت نے اسے ایک غریب خاندان کی لڑکی سے شادی کرانے کی پیشکش کی۔ ونود کے مطابق، شادی کے لیے لڑکی کے خاندان کو ایک لاکھ روپے دینے اور مندر میں شادی کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔

 

14 اگست کو ونود اپنی والدہ، بھائی اور تین دیگر افراد کے ساتھ پنڈت کے بتائے ہوئے رام پور کے شیو مندر پہنچا۔ وہاں پنڈت راکیش شاستری نے رسومات ادا کروا کر اس کی شادی سیما نامی لڑکی سے کرادی۔ الزام ہے کہ پنڈت نے شادی کرانے کے لیے 2100 روپے بھی لئے اور لڑکی کی والدہ کو ایک لاکھ روپے دلوائے۔

 

شادی کے بعد ونود دلہن سیما کو اپنے گھر لے آیا۔ اس نے سیما کو پازیب، چاندی کا ہار، منگل سوتر سمیت پانچ زیورات پہننے کے لیے دیئے تھے۔ متاثرہ نوجوان کا الزام ہے کہ سیما دو دن تک گھر میں رہی اور 15 اگست کی رات تقریباً دو بجے زیورات اور نقد رقم لے کر گھر سے فرار ہوگئی۔

 

ونود نے سیما کی تلاش کی، لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ اس نے پنڈت، دلہن اور اس کے اہل خانہ پر مبینہ سازش کے تحت دھوکہ دہی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی اور کارروائی کا مطالبہ کیا۔

 

اس معاملے پر ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وِنے بھٹناگر نے بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی اور اس کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button