ڈرگس کے نشے میں دھت نوجوان نے پولیس پر کار چڑھا دی، ہیڈ کانسٹیبل شدید زخمی – حیدراباد کے عابڈس میں واقعہ
حیدرآباد: حیدرآباد شہر کے عابدس علاقے میں ڈرگس کے نشے میں دھت ایک نوجوان نے خود کو پکڑے جانے سے بچانے کے لئے پولیس عملہ پر ہی کار چڑھا دی، جس سے ایک ہیڈ کانسٹیبل شدید زخمی جبکہ ایک انسپکٹر اور ایک کانسٹیبل معمولی زخمی ہوگئے۔ پولیس نے ملزم سیف کے خلاف اقدامِ قتل کے مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل مہیندر یادو کو اطلاع ملی تھی کہ عابدس میں ڈرگس کی خرید و فروخت ہو رہی ہے۔ اطلاع ملتے ہی انہوں نے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا، جس کے بعد حیدرآباد نارکوٹکس انفورسمنٹ ونگ کے انسپکٹر سری کانت کی قیادت میں خصوصی ٹیم نے علاقے میں نگرانی شروع کی۔
اتوار کی دوپہر ایک کار پائل فٹ ویئر کے قریب پہنچی، جہاں ایک شخص نے کار میں موجود نوجوان کو مشتبہ پیاکٹ دیا۔ گھات لگائے بیٹھی پولیس نے پیاکٹ دینے والے شخص کو گرفتار کر لیا اور کار میں موجود نوجوان کو باہر آنے کا حکم دیا۔
اسی دوران ملزم نے کار ایک طرف کرنے کا بہانہ کیا اور اچانک تیزی سے ریورس کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ اس دوران اس نے ہیڈ کانسٹیبل مہیندر یادو کی ٹانگ پر کار چڑھا دی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے، جبکہ انسپکٹر سری کانت اور ایک کانسٹیبل بھی زخمی ہوئے۔
پولیس نے ملزم کا تعاقب کیا اور افضل گنج علاقے میں کار کو روک کر اسے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت حسینی عالم کے رہنے والے سیف کے طور پر ہوئی ہے۔
زخمی ہیڈ کانسٹیبل مہیندر یادو کو فوری طور پر سوماجی گوڑہ کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی ٹانگ میں فریکچر کی تصدیق کرتے ہوئے علاج شروع کر دیا
۔ مہیندر یادو کی شکایت پر عابدس اور افضل گنج پولیس اسٹیشنوں میں ملزم سیف کے خلاف اقدامِ قتل کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ پولیس منشیات کے معاملے سمیت واقعہ کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔



