نظام آباد میں جعلی میڈیا ایکریڈیشن کارڈ معاملہ، ڈی پی آر او کی پولیس میں شکایت
نظام آباد، یکم جولائی (اردو لیکس): ضلع نظام آباد کی ڈسٹرکٹ پبلک ریلیشن آفیسر (ڈی پی آر او) این پدماشری نے کہا ہے کہ پی سرینواس نامی شخص کے نام سے جاری ایک مبینہ جعلی میڈیا ایکریڈیشن کارڈ سوشل میڈیا، خصوصاً واٹس ایپ پر گردش کرنے کے معاملے میں پولیس کو باضابطہ شکایت درج کرائی گئی ہے۔
این پدماشری نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ مذکورہ ایکریڈیشن کارڈ محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ (انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنس ڈپارٹمنٹ)، ضلع نظام آباد کی جانب سے جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مذکورہ شخص نے ضلع کلکٹر کے جعلی دستخط استعمال کرتے ہوئے بوگس ایکریڈیشن کارڈ تیار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ معاملہ علم میں آتے ہی فوری طور پر قانونی کارروائی کے لیے پولیس میں تحریری شکایت درج کرائی گئی ہے۔
ڈی پی آر او نے خبردار کیا کہ جعلی یا فرضی میڈیا ایکریڈیشن کارڈ تیار کرنے، استعمال کرنے یا اس عمل میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔



