گانجہ کے اسمگلرس نے پولیس پر کتے چھوڑ دئیے۔ حیدرآباد میں واقعہ
حیدرآباد۔شہر میں گانجہ کی غیر قانونی فروخت کے خلاف ایگل فورس پولیس نے سخت کارروائی کی ہے۔ واٹس ایپ گروپس کے ذریعہ خاموشی سے گانجہ سپلائی کرنے والے بین الریاستی گروہ کا پولیس نے پردہ فاش کر دیا۔
اس آپریشن سے متعلق تفصیلات ایگل فورس کے ڈی ایس پی نرسنگ راؤ نے میڈیا کو بتائیں۔بیگم پیٹ اولڈ ایئرپورٹ کے قریب ایک مشتبہ شخص کی گرفتاری سے اس کیس کے اصل حقائق کا پتہ چلا۔ اس کے پاس سے 50 گرام گانجہ ضبط کر کے جب پوچھ گچھ کی گئی تو کرن، درگا پرساد اور کمالاکر کے نام سامنے آئے۔
اس پر چوکس ہو کر نارکوٹکس ٹیموں نے بالانگر کی راجیو کالونی میں ملزمین کے ٹھکانے پر 40 پولیس ملازمین کے ساتھ دھاوا کیا۔تلاشی کی اس کارروائی کے دوران ملزمین نے گرفتاری سے بچنے پولیس پر کتے چھوڑ دیئے اسی دوران ملزم کرن نے پولیس پر اسکرو ڈرائیور سے حملے کی کوشش کی اور پولیس سے بچنے کے لیے چوتھی منزل سے کود کر خودکشی کا ڈرامہ کیا۔
اس فلمی انداز کے آپریشن میں پولیس نے کرن کے ساتھ درگا پرساد، کمالاکر اور کرن کی بیوی کو حراست میں لے لیا۔ اوڈیشہ سے شہر میں گانجہ سپلائی کرنے والے 5 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ملزمین کے پاس سے بھاری رقم 14 کلو گرام گانجہ، ایک ایئر گن، کار، بائیک اور موبائل فون ضبط کیے گئے۔
واٹس ایپ پر پیکٹ کی تصویر بھیج کر ڈیلیوری کرنے والے اس گروہ نے 2022 سے اب تک 203 افراد کو گانجہ سپلائی کیا جس کی پولیس نے نشاندہی کی ہے۔ ان میں سے 100 افراد کی جانچ کی گئی جس میں 72 افراد کے ڈرگز ٹیسٹ مثبت (پازیٹو) آئے۔ یہ کامیاب آپریشن ایچ نیو اور بالانگر پولیس کے تعاون سے کیا گیا۔



