جرائم و حادثات

زندہ خاتون کو مردہ ظاہر کرکے مکان کی رجسٹری – فرضی ڈیتھ سرٹیفکیٹ کا الزام – تلنگانہ کے کاماریڈی میں حیران کن واقعہ

 

کاماریڈی، 5 اکتوبر (سید کوثر علی کی رپورٹ): کاماریڈی میں ایک زندہ خاتون کا مبینہ طور پر فرضی ڈیتھ سرٹیفکیٹ تیار کرکے اس کے نام موجود مکان کی رجسٹری کسی دوسرے شخص کے نام کرانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ راجیو نگر کالونی میں واقع 100 گز کے مکان سے متعلق متاثرہ خاندان نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

 

متاثرہ خاندان کے بھائی نے بتایا کہ حسینہ بیگم کے نام درج مکان کو مبینہ طور پر فرضی ڈیتھ سرٹیفکیٹ تیار کرکے سید علی کے نام رجسٹر کرادیا گیا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ مکان کی رجسٹری سے متعلق دستاویزات انجلی ڈاکیومنٹیشن سے وابستہ سوامی کے ذریعے تیار کرائے گئے۔

 

متاثرین نے سب رجسٹرار کشتیا پر بھی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مبینہ طور پر رقم حاصل کرکے غیر قانونی رجسٹریشن کی گئی۔ معاملے پر متاثرہ خاندان کے افراد سب رجسٹرار دفتر پہنچے اور عہدیداروں سے سوالات کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

 

متاثرہ خاندان نے حکام سے مطالبہ کیا کہ زندہ خاتون کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ تیار کرنے سے لے کر مکان کی رجسٹری تک پورے معاملے کی جامع تحقیقات کی جائیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

 

خاندان نے یہ بھی انتباہ دیا کہ اگر انہیں انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button