جرائم و حادثات

بیوی بنی قاتل! کھمم میں دل دہلا دینے والی واردات، شوہر اور معصوم بیٹی کو قتل کر کے تین دن نعشوں کے ساتھ رہی

تلنگانہ کے ضلع کھمم میں ایک نہایت سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر اور کمسن بیٹی کو قتل کر کے تین دن تک لاشوں کے ساتھ گھر میں رہی۔ یہ واقعہ نیلکنڈپلی منڈل کے برہان پورم علاقے میں پیش آیا۔

 

پولیس کے مطابق اننت نگر سے تعلق رکھنے والا 29 سالہ کونتلا رامو، جو ایک اخبار میں صحافی تھا، اپنی بیوی رمیا اور دو بیٹیوں—5 سالہ دیویا نائنی اور دیکشا—کے ساتھ رہتا تھا۔ گزشتہ چند دنوں سے رامو کو فون کرنے والوں کو رمیا یہی بتا رہی تھی کہ وہ بیمار ہے، اس لیے وہی بات کر رہی ہے۔

 

اتوار کی صبح پڑوسن نے دروازہ کھٹکھٹایا تو رمیا نے کمبل اوڑھے دروازہ کھولا۔ بدبو کے بارے میں پوچھنے پر اس نے کہا کہ گھر میں سب کی طبیعت خراب ہے، اسی لیے صفائی نہیں ہو سکی۔ شام کے وقت رمیا کے بھائی نے دروازہ کھٹکھٹایا مگر کوئی جواب نہ ملنے اور شدید بدبو آنے پر پولیس کو اطلاع دی۔

 

پولیس نے دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی تو بستر کے نیچے رامو اور دیویا نائنی کی نعشیں برآمد ہوئیں، جبکہ قریب ہی رمیا اور دیکشا بے ہوشی کی حالت میں پائی گئیں۔ دونوں کی حالت تشویشناک ہونے پر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

 

پولیس کو شبہ ہے کہ رمیا نے اپنے شوہر اور بڑی بیٹی کو قتل کرنے کے بعد تین دن تک نعشوں کے ساتھ رہی اور چھوٹی بیٹی کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی۔ معاملہ بے نقاب ہونے کے خدشے کے پیش نظر اس نے خود بھی چوہے مار دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی۔

 

پولیس کے مطابق رمیا نے قتل کی وجوہات بتانے سے انکار کیا ہے۔ کیس درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button