نیشنل

"سالا! میں تو صاحب بن گیا…” — نانا پاٹیکر کا یہ مشہور ڈائیلاگ یادوں میں چھوڑ گیا، 75 برس کی عمر میں انتقال

مشہور اداکار نانا پاٹیکر 75 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

 

ممبئی: ہندوستانی فلموں کے معروف اداکار نانا پاٹیکر جمعرات کی صبح 75 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انہیں گوا کے ڈونا پاؤلا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، جس کے بعد افراد خاندان نے انہیں فوری طور پر قریبی ہاسپٹل لے گئے۔ ڈاکٹروں نے انہیں صبح 5 بج کر 20 منٹ پر مردہ قرار دیا۔

 

ہاسپٹل ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے نانا پاٹیکر کو بچانے کے لیے تقریباً 45 منٹ تک سی پی آر کیا، تاہم ان کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ ابتدائی طور پر موت کی وجہ شدید قلبی دورہ بتائی گئی ہے۔ پولیس نے معاملے میں میڈیکو لیگل کیس درج کرلیا ہے، جبکہ موت کی مکمل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد واضح ہوگی۔

 

ذرائع کے مطابق نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر اس وقت پونے میں تھے اور اطلاع ملنے کے بعد گوا روانہ ہوگئے ہیں۔

 

یکم جنوری 1951 کو مہاراشٹرا میں پیدا ہونے والے نانا پاٹیکر نے اپنی منفرد اداکاری، پُرجوش مکالمہ نگاری اور پیچیدہ کرداروں کی مؤثر عکاسی کے ذریعے ہندوستانی سنیما میں نمایاں مقام بنایا۔ انہیں تین مرتبہ نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے ’نٹ سمراٹ‘، ’وجود‘، ’پرندہ‘، ’اب تک چھپن‘ اور ’یشونت‘ سمیت کئی یادگار فلموں میں اداکاری کی۔

 

نانا پاٹیکر نے 1978 میں فلم ’گمن‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ 2000 کی دہائی میں ’شکتی: دی پاور‘، ’اب تک چھپن‘، ’اپہارن‘ اور ’ٹیکسی نمبر 9211‘ میں ان کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا۔ فلم ’ویلکم‘ (2007) اور اس کے سیکوئل ’ویلکم بیک‘ (2015) میں گینگسٹر ’ادے شیٹی‘ کا کردار بھی ان کے مقبول کرداروں میں شامل تھا۔ حال ہی میں وہ کامیڈی تھرلر فلم ’ہاؤس فل 5‘ میں بھی نظر آئے تھے۔

 

فلم ’راج نیتی‘ (2010) میں ان کی اداکاری نے بھی انہیں خوب پذیرائی دلائی اور اس کردار کے لیے انہیں فلم فیئر ایوارڈ کی بہترین معاون اداکار کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا۔ 2016 میں انہیں مراٹھی فلم ’نٹ سمراٹ‘ میں بہترین اداکاری پر فلم فیئر ایوارڈ ملا۔

 

نانا پاٹیکر کو 2013 میں سنیما اور فنون کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں حکومت ہند کی جانب سے پدم شری سے بھی نوازا گیا تھا۔ وہ اداکاری کے علاوہ فلموں ’یشونت‘، ’وجود‘ اور ’آنچ‘ میں پلے بیک گلوکاری بھی کرچکے تھے۔

 

نانا پاٹیکر نے انتقال سے صرف چار روز قبل گوا کے ڈونا پاؤلا میں سمرات کلب انٹرنیشنل کی تقریب میں شرکت کی تھی اور خطاب بھی کیا تھا۔

 

فلمی دنیا سے باہر بھی نانا پاٹیکر سماجی کاموں سے وابستہ رہتے تھے۔ خاص طور پر کسانوں اور زرعی بحران سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے ان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ ان کے اچانک انتقال کی خبر سے ہندوستانی فلمی دنیا اور ان کے مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button