اسپشل اسٹوری

پری بورڈ میں فیل، آئی آئی ٹی سے تعلیم اور پھر آئی پی ایس – محیب اللہ انصاری ’’ایشیا ہیرو‘‘ ایوارڈ کے لئے منتخب

حیدراباد – 26ستمبر ( اردو لیکس ڈیسک) بچپن میں پڑھائی میں زیادہ دلچسپی نہیں تھی، لیکن انہوں نے ناکامی کو اپنی منزل نہیں بننے دیا۔ عزم و حوصلے کے ساتھ محنت کرتے ہوئے مشکل ترین امتحان جے ای ای میں کامیابی حاصل کی۔

 

آئی آئی ٹی سے انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے کے باوجود عوامی خدمت کے جذبے نے انہیں آئی پی ایس بننے کی راہ دکھائی۔ آج وہ ’’ایشیا ہیرو‘‘ کے اعزاز کے لئے منتخب ہوئے ہیں۔ آئی پی ایس افیسر محیب اللہ انصاری نے ثابت کردیا کہ واضح مقصد کے ساتھ عزم و محنت شامل ہو تو انسان بلند مقام حاصل کرسکتا ہے۔

 

2021 بیچ کے بہار کیڈر سے تعلق رکھنے والے آئی پی ایس افیسر  محیب اللہ انصاری کو امریکہ میں ایک اہم اعزاز سے نوازا جائے گا۔ انہیں امریکہ کی جانب سے ہر سال دیے جانے والے ’’ایشیا ہیرو ایوارڈ‘‘ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ وہ رواں سال 13 دسمبر کو یہ اعزاز حاصل کریں گے۔

 

انصاری اس وقت بہار کے مظفرپور شہر کے ایس پی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ امریکہ کی ایسوسی ایشن آف ورلڈ فیئر اینڈ فیسٹ کی جانب سے انہیں یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔ عوامی خدمت، سماجی بہبود اور امن و قانون کی برقراری کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں یہ اعزاز دیا جا رہا ہے۔

 

محیب اللہ انصاری نے دسویں اور بارہویں جماعت کے پری بورڈ امتحانات میں ناکامی کا سامنا کیا تھا۔ بعد میں اپنی کمزوریوں کو سمجھتے ہوئے انہوں نے حتمی امتحانات میں معمول کے نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ ان کے والد کے یہ الفاظ کہ ’’تم آئی آئی ٹی میں داخلے کا خواب دیکھ رہے ہو، پہلے پاس ہونے کے لئے درکار نمبر تو حاصل کرو‘‘ ان پر گہرا اثر چھوڑ گئے۔

 

انصاری نے والد کی بات کو چیلنج کے طور پر لیا اور دن رات محنت سے پڑھائی شروع کردی۔ ماضی کی ناکامیوں سے مایوس ہونے کے بجائے عزم کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے انہوں نے آئی آئی ٹی دہلی میں داخلہ حاصل کیا اور بی ٹیک کی تعلیم مکمل کی۔ اس کے بعد کچھ عرصہ ایک آئی ٹی کمپنی میں ملازمت کی۔

 

تاہم عوامی خدمت کا جذبہ انہیں سول سروسز کی جانب لے گیا۔ انہوں نے سول سروسز امتحان کی تیاری کی اور آل انڈیا سطح پر 389 واں رینک حاصل کیا۔ اس کامیابی کے بعد وہ بہار کیڈر میں آئی پی ایس افسر بنے اور اب اپنی خدمات کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر بھی شناخت حاصل کر رہے ہیں۔

Shadi
Shadi

متعلقہ خبریں

Back to top button