تلنگانہ

بیریکیڈس توڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش، وزراء سمیت کانگریس قائدین گرفتار

حیدرآباد: ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کے عمل میں مبینہ بے قاعدگیوں کے خلاف انڈیا اتحاد کی ’سیو ڈیموکریسی‘ اپیل پر نکالی گئی ’چلو لوک بھون‘ ریلی کے دوران پولیس نے ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو، پونم پربھاکر، اڈلوری لکشمن کمار، واکاٹی سری ہری، پونگولیٹی سرینواس ریڈی کے علاوہ محمد اظہرالدین کو گرفتار کرلیا۔

 

نیکلس روڈ پر ریلی کو روکنے کے لیے پولیس نے خاردار تاریں اور بیریکیڈس نصب کئے تھے۔ مظاہرین نے بیریکیڈس کو دھکیل کر آگے بڑھنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں شدید دھکم پیل اور کشیدگی پیدا ہوگئی۔ صورتحال قابو سے باہر ہوتی دیکھ کر پولیس نے احتجاجیوں کو حراست میں لیا اور گرفتار قائدین کو پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔

 

ٹی پی سی سی کی قیادت میں نکالی گئی اس ریلی میں مظاہرین نے مرکزی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔ نیکلس روڈ پر اندرا گاندھی کے مجسمے سے شروع ہونے والی ریلی میں ٹی پی سی سی صدر و ایم ایل سی مہیش کمار گوڑ، ریاستی وزراء پونم پربھاکر، پونگولیٹی سرینواس ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، جوپلی کرشنا راؤ، ویویک وینکٹ سوامی، اظہرالدین، واکاٹی سری ہری سمیت مختلف کارپوریشنوں کے چیئرمین، کانگریس قائدین بشمول وقف بورڈ چیرمین سید عظمت اللہ حسینی؛ انجن کمار یادو؛ محمد امتیاز اور پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ ارکان اسمبلی و کونسل اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

وزراء اور سینئر کانگریس قائدین کی گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن پہنچ گئی اور مرکزی حکومت و الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے دھرنا دیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button