سعودی عرب: ریاض اور ابھا شہر کے ایئرپورٹس پر حملے 3 افراد جان بحق اور متعدد زخمی

کے این واصف
سعودی ایئرپورٹس پر ہونے والے دو حملوں میں دو خواتین سمیت تین افراد کی موت واقع ہوگئی۔ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ املاک کو بھی کچھ نقصان پہنچا۔
سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ پچھلے دو دنوں میں ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا۔
ابھا ایئرپورٹ پر منگل کو ہونے والے صریح حملے میں مراکش اور الجزائر سے تعلق رکھنے والی دو غیرملکی خواتین جان سے گئیں، جبکہ سعودی شہریوں سمیت 28 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے بعض شدید زخمی ہیں۔ زخمیوں میں بنگلہ دیش اور فلپائن کا ایک ایک شہری شامل ہے۔
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بدھ کو کیے گئے حملے میں ایک سوڈانی شہری کی موت واقع ہوگئی۔ پانچ سعودی شہریوں سمیت 8 افراد زخمی ہوئے۔ دیگر زخمیوں میں دو مصری شہری اور ایک پاکستانی شامل ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔اس سے قبل پیر کو سعودی عرب کے محکمۂ ہوا بازی نے کہا تھا کہ نجران اور جازان شہرون کے ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔



