ملعون پنڈت کی جانب سے شان رسالتﷺ میں گستاخی کی سخت مذمت _ حکومت سے سخت کاروائی کا مطالبہ۔ مولانا جعفر پاشاہ کا بیان

حیدرآباد 25اگست (راست) کوئی شخص مساجد کیلئے یا مسلمانوں کی فلاح وبہبو د کیلئے ثواب کی نیت سے کوئی مال یا زمین دے دیں تو وہ وقف کہلاتا ہے۔موقوقہ جائیداد کا حکم یہ ہے کہ وہ اللہ تعالی کی ملکیت ہے اور اس کی حفا ظت ہر کلمہ گو پر فرض ہے۔ان خیالات کا اظہار مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ نے جامع مسجد دارالشفاء میں جمعہ کے موقع پر کیا۔ مولانا نے کہا کہ موجود ہ حکومت وقف ایکٹ میں ترمیمات کرنا چاہتی ہے۔ جو کھلے عام مسلمانوں کے پرسنل لاء میں مداخلت ہے۔ اور حکومت کی مسلمانوں کے تئیں ایک سازش ہے۔ موجودہ حکومت مسلسل مختلف حربوں سے مسلمانوں کو پریشان کرنے کی مذموم کوششیں کررہی ہے۔ مولانا نے ایسے افرادکوبھی سخت تنقید کا نشانہ بنا یا جو وقف کردہ اراضیات پر ناجائز قب ضہ جات کرکے ہڑپ رہے ہیں۔اپنی ذاتی مفاد اور دنیاوی مقاصد کے حصول کیلئے وقف اراضیات پر عیش وآرام کے محلات تعمیر کر رہے ہیں۔ ایسے لوگ اللہ تعالی کے پاس جواب دہ رہینگے اور سخت سزا کے مستحق رہینگے، اس سے باز آنے کی مولانا نے تلقین فرمائی۔ مولانا نے کہاکہ آج کا مسلمان اپنے نجی معاملات میں اتنا الجھ گیا ہے کہ اسے شریعت محمدی کی پاسداری کا بھی لحاظ نہیں رہا اور نہ ہی دین محمد ی میں ترمیمات سے اسے کچھ فرق پڑھ رہا ہے۔ آج پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی ﷺ کی شان اقدس میں گستاخیوں کا سلسلہ جاری وساری ہے لیکن مسلمان ابھی بھی ہوش کے ناخن نہیں پکڑ رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں مہاراشٹرا کے ایک ملعون پنڈت کی جانب سے پیارے آقاصلی اللہ علیہ وسلم کی شان مبارک میں نازیبا الفاظ کا استعما ل کیا گیا،جو کہ کسی بھی کلمہ گومسلمان کیلئے ناقابل برداشت ہے۔مولانا نے یہ بھی کہا کہ جب مسلمان احتجاج کرتا ہے تو اس کے گھر پر بلڈوزر چلادیتا ہے،مسلمان کچھ بولے تو فورا گرفتاری ہوجاتی ہے،اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو مسلما ن سڑکوں پر اترنے پر مجبور ہوگا،مولانا نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے جہاں ہر مذہب وملت کا ادب واحترام ہر شہری پر لازم ہے۔اب جب کہ بی جے پی کی حکومت برسر اقتدار آئی ہے تب سے کچھ شر پسند عناصر اپنی جھوٹی شہر ت حاصل کرنے کیلئے اس طرح کی مذموم سازشیں کر رہے ہیں۔ایسے میں اورپولیس،حکومت اور عدلیہ کا فریضہ ہے کہ ان معاملات کا سخت نوٹ لیں اور خاطیوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کریں۔