حیدرآباد سے کڑپہ جانے والی انڈیگو پرواز میں مسافر کی ہلچل – ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش ؛ بڑا حادثہ ٹل گیا

حیدرآباد کے شمس آباد ایئرپورٹ سے کڑپہ جانے والی انڈیگو کی پرواز میں ایک مسافر نے ہنگامہ برپا کردیا۔ طیارہ ٹیک آف کے لیے رن وے کی جانب بڑھ رہا تھا کہ مسافر نے ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔ کیبن عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے روک لیا، جس کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
مسافر کی حرکت سے طیارے میں سوار دیگر مسافروں میں بھی تشویش پھیل گئی۔ عملے کی بروقت مداخلت کے باعث کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ بعد ازاں مسافر کو طیارے سے اتار کر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
واقعہ کے سلسلے میں آر جی آئی اے پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس اس بات کا پتہ لگا رہی ہے کہ مسافر نے ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش کیوں کی۔ اس بات کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ آیا وہ شراب کے نشے میں تھا یا کسی اور وجہ سے اس نے یہ حرکت کی۔ واقعہ کی اصل وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔




