تلنگانہ
شادی سے ایک دن قبل دولہے نے کرلی دوسری لڑکی سے شادی۔ دلہن والے رہ گئے حیران۔ تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں واقعہ

کریم نگر: شادی سے صرف ایک دن قبل دلہا نے منگیتر کو دھوکہ دے کر دوسری لڑکی سے شادی کر لی جس کے بعد دلہن کے خاندان والوں پر سکتہ طاری ہوگیا۔ یہ واقعہ کریم نگر ضلع کے حُضورآباد منڈل کے رنگاپور موضع میں پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق مدھوکر ریڈی نامی نوجوان حیدرآباد میں سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کرتا ہے، اس کی شادی اسی منڈل کی ایک لڑکی سے طے ہوئی تھی۔ شادی کی تقریب آج ایک فنکشٹ ہال میں منعقد ہونی تھی لیکن حیرت انگیز طور پر دلہا نے گزشتہ روز کسی اور لڑکی سے شادی رچا لی اور اس کی تصاویر دلہن والوں کو ارسال کر دیں۔
اس واقعہ سے دلہن کے ارکان خاندان شدید صدمہ میں ہیں اور انہوں نے فوری طور پر پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دلہا اور اس کے والدین گھر کو تالا لگا کر غائب ہو چکے ہیں۔