حیدرآباد کے 20 معروف ریسٹورنٹس میں اچانک دھاوے، 11 کے فوڈ لائسنس معطل
حیدرآباد کے مادھا پور، ہائی ٹیک سٹی اور گچی باؤلی علاقوں میں تلنگانہ فوڈ سیفٹی (ٹی جی سیف) انفورسمنٹ ٹیموں نے ہفتہ کے روز 20 معروف ریسٹورنٹس میں اچانک دھاوے کئے۔ معائنے کے دوران شدید گندگی، کاکروچ اور چوہوں کی موجودگی کے علاوہ زائد المیعاد اور خراب غذائی اشیاء ذخیرہ کئے جانے کا انکشاف ہوا۔
عوامی صحت کے پیش نظر مونسٹری، الصبا، لکی ریسٹورنٹ، سائی رام میس، اڈوپی اپہار، ایم آہا اور فیوژن 9 سمیت 11 معروف ہوٹلوں کے ایف ایس ایس اے آئی لائسنس فوری طور پر معطل کرتے ہوئے ان کی سرگرمیاں روک دی گئیں۔
فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر ہوٹل آواس، منروا گرینڈ اور ایک دیگر ہوٹل کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے، جبکہ رامیشورم کیفے، شاہداب، شاہ گاؤس سمیت 6 ریسٹورنٹس کو بہتری کے نوٹس دیئے گئے۔
حکام نے بتایا کہ مشتبہ غذائی اشیاء کے 21 نمونے حاصل کرکے لیبارٹری جانچ کے لئے بھیج دیئے گئے ہیں۔



