تلنگانہ

بی ایل اوز کو گھر گھر جا کر دستاویزات وصول کرنا لازمی ہے: سدرشن ریڈی

حیدرآباد: ریاست کے چیف الیکشن آفیسر سدرشن ریڈی نے کہا کہ بی ایل اوز (بوتھ لیول آفیسرز) کے لیے ضروری ہے کہ وہ گھر گھر جا کر ووٹروں سے مطلوبہ دستاویزات وصول کریں۔انہوں نے چہارشنبہ کو کوکٹ پلی زونل دفتر میں ای آر او اور اے ای آر اوز کے ساتھ ’ایس آئی آر‘ پروگرام کا جائزہ لیا۔

 

انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ ووٹروں کی جانچ پڑتال کے عمل میں تیزی لائی جائے اور مکمل ہونے والی جانچ کی شرح میں اضافہ کیا جائے۔انہوں نے کوکٹ پلی حلقہ انتخاب میں اب تک جانچ مکمل کیے جانے والے ووٹروں کی تعداد کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اگر کسی ووٹر کے معاملے میں مزید جانچ کی ضرورت نہ ہو تو بھی ووٹر کے گھر جا کر الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کردہ دستاویزات میں سے کوئی ایک دستاویز حاصل کرکے اسے اپ لوڈ کیا جائے۔ انہوں نے اس عمل میں کسی بھی قسم کی غلطی سے بچنے کی ہدایت دی۔

 

انہوں نے کہا کہ بی ایل اوز کے ساتھ سپروائزرز کو بھی گھر گھر جا کر کام کرنا چاہیے۔ نئے ووٹروں کے اندراج اور اعتراضات سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کی بھی مکمل اور درست جانچ کی جائے۔بعد ازاں انہوں نے کلکٹر منو چودھری کے ساتھ موسیٰ پیٹ، حبیب نگر اور پرگتی نگر میں زمینی سطح پر جاری ’ایس آئی آر‘ کے عمل کا معائنہ کیا۔

 

انہوں نے ووٹروں سے بی ایل اوز کی جانب سے جمع کی گئی دستاویزات اور انہیں اپ لوڈ کرنے کے طریقۂ کار کا جائزہ لیا۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ ووٹروں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو اور تمام اہل افراد کے نام ووٹر فہرست میں درج کیے جانے کو یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button