جنرل نیوز

حج سوسائٹی نظام آباد کی جانب سے حج 2027ء کیلئے آن لائن درخواستوں کیلئے مفت سہولتیں 

حج سوسائٹی نظام آباد کی جانب سے حج 2027ء کیلئے آن لائن درخواستوں کیلئے مفت سہولتیں

صدرشیخ اسماعیل عارفی،جنرل سکریٹری محمد نصیر الدین کی عازمین حج سے استفادہ کی خواہش

نظام آباد: 24 /جون(اردو لیکس)حج کمیٹی آف انڈیا کے عازمین حج 2027ء کیلئے نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے خواہشمند عازمین حج سے درخواستیں داخل کرنے کی خواہش کی ہے۔ جس کے پیش نظر حج سوسائٹی نظام آباد رجسٹرڈ کی جانب سے نظام آباد ضلع کے عازمین حج 2027ء کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا کی نئی پالیسی و ہدایتوں کے مطابق مفت حج فارم کے آن لائن درخواست کی خانہ پوری و رہنمائی کیلئے ہر ممکن تعاون و مدد کا اعلان کیا ہے۔

صدر حج سوسائٹی نظام آبادمولانا شیخ اسماعیل عارفی، نائب صدر اظہر فاروقی، جنرل سکریٹری محمد نصیر الدین نے نظام آباد ضلع کے خواہشمند عازمین حج کیلئے ہر سال کی طرح اس سال 2027ء کیلئے آن لائن درخواست فارم کے ادخال کیلئے ربط پیداکرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حج سوسائٹی نظام آباد کا قیام 30سال قبل 1997ء میں مولانا عطاء الرحمن خان صاحب جامی ؒ کی صدارت کے بعد مولانا سید ولی اللہ قاسمی ؒ کے سانحہ ارتحال کے بعد مولانا شیخ اسماعیل عارفی صاحب کی صدارت میں حج سوسائٹی نظام آباد عازمین حج کیلئے مفت بے مثال خدمات انجام دیتے ہوئے رہنمائی ومدد کرتے آرہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ حج 2027ء کیلئے آن لائن درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 20/جولائی 2026ء ہے۔

 

اس کے بعد 27/جولائی 2026ء کو قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین حج کا انتخاب کیاجائے گا۔ اور عازمین حج کیلئے 20/اگست 2026ء کو پہلی قسط کی رقم 1,52,300/-روپئے جمع کرنی ہوگی۔ اس کے بعد دوسری اور تیسری قسط کا متعاقب اعلان کیاجائے گا۔ حج سوسائٹی نظام آباد کے جنرل سکریٹری محمد نصیر الدین نے صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتایاکہ سال 2026ء کا حج بہت ہی کامیاب رہا۔ حج کے دوران ہر عازمین حج کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ سال 2026ء حج کیلئے حج سوسائٹی نظام آباد کی جانب سے تین تربیتی اجتماعات کیلئے علمائے کرام کے خطابات، مناسک عمرہ و حج کے طریقہ کارسے واقف کروایا گیا اور ٹیکہ اندازی، عازمین حج کی روانگی و واپسی کے انتظامات کئے گئے

 

۔ اس سلسلہ میں حکومتی مشیر محمد علی شبیر اور ریاستی حج کمیٹی چیرمین سید غلام افضل بیابانی خسروپاشاہ کا نظام آباد حج سوسائٹی کو مکمل تعاون حاصل رہا۔ نظام آباد ضلع سے جملہ 340عازمین حج کی روانگی عمل میں آئی جس میں حج سوسائٹی نظام آباد کے توسط سے 230عازمین حج کو روانگی و واپسی کے انتظامات کئے گئے۔ محمد نصیر الدین جنرل سکریٹری حج سوسائٹی نے بتایاکہ حج سوسائٹی نظام آباد کی جانب سے قائم کئے گئے مستقل دفتر بمقام تبارک ہائی اسکو ل حطائی گلی، نظام آباد، وسیم احمدخان جویلری شاپ روبرو شمبھو گڑی مندر احمدی بازار اور سید مبشر آٹو نگر مسجد اختر شعری میں حج سوسائٹی نظام آباد کی جانب سے عازمین حج کیلئے خصوصی طورپر آن لائن درخواستوں کی مفت سہولتیں فراہم کی گئی ہے

 

۔ انہوں نے تمام عازمین حج سے ان سہولتوں سے استفادہ کرنے کی خواہش کی ہے۔ اس صحافتی کانفرنس میں حج سوسائٹی نظام آباد کے ذمہ داران وسیم احمدخان، سید سمیع اللہ، محمد صدیق، محمد کلیم الدین، عزیز اللہ خان، محمد حامد علی، عبدالعلیم، عبداللہ، محمد مبشر و دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button