آئی آئی ایس کی سالانہ تقریب، تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں طلبہ کی حوصلہ افزائی

جدہ۔ عبدالرحمن مرزا بیگ
انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ (IISJ) میں ہفتہ کو بوائز سیکشن آڈیٹوریم میں سالانہ ایوارڈز پریزنٹیشن تقریب نہایت پر وقار طریقہ سے منعقد کی گئی۔ اس موقع پر طلبہ، والدین، اساتذہ اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جہاں تعلیمی سال 2025-2026 کے دوران تعلیمی میدان میں نمایاں اور کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی جدہ میں ہندوستان کے قونصل جنرل جناب فہد احمد خان سوری تھے۔ اس موقع پر محترمہ فہمینہ خان، محترمہ عبیدہ خاتون، اسکول مینجمنٹ کمیٹی (SMC) کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اسلم اور کمیٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ مہمانِ خصوصی اور محترمہ عبیدہ خاتون کا استقبال اسکول کے ہیڈ بوائے ماسٹر معاذ ضیاء الحق اور ہیڈ گرل مس افسانہ فاطمہ نے گلدستے پیش کرکے کیا۔
تقریب کا آغاز پرنسپل ڈاکٹر محمد عمران کے خیرمقدمی خطاب سے ہوا۔ انہوں نے اسکول کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے تعلیمی سال کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں، اہم سنگِ میل اور ادارے کی مسلسل ترقی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسکول طلبہ کو ہمہ جہت تعلیم فراہم کرنے اور ہر شعبے میں بہترین صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اسلم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارے کا نصب العین ایسا تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے جہاں عمدگی کے ساتھ انکساری نظم و ضبط کے ساتھ ہمدردی اور جدت کے ساتھ دیانت داری کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مسلسل اعتماد اور تعاون اسکول کی کامیابی کا اہم سرمایہ ہے۔
مہمانِ خصوصی جناب فہد احمد خان سوری نے اپنے کلیدی خطاب میں اپنے اساتذہ کی رہنمائی اور اثرات سے متعلق ذاتی تجربات بیان کیے اور طلبہ کو تلقین کی کہ وہ کامیابی کو صرف ایوارڈز تک محدود نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا، "ایوارڈ کامیابی کا اعتراف ضرور ہوتا ہے، لیکن کسی فرد کی مکمل صلاحیت کی پیمائش نہیں کرتا۔” ان کا کہنا تھا کہ ہر طالب علم اپنی منفرد صلاحیتوں کا حامل ہوتا ہے، خواہ وہ تعلیم، کھیل، فنونِ لطیفہ، اختراع یا سماجی خدمت کے میدان میں ہوں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ مسلسل سیکھتے رہیں، آگے بڑھیں اور ہر چیلنج کا اعتماد کے ساتھ مقابلہ کریں۔
تقریب کے دوران چھٹی تا ۱۲وین جماعت تک کے نمایاں طلبہ کو تعلیمی کارکردگی اور شفیع نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کامیابیوں پر ایوارڈز اور اسناد سے نوازا گیا۔ بارہویں جماعت کے AISSC امتحان میں مس صفا محی الدین خان نے 98.8 فیصد نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مس عائشہ نورین جمال 98 فیصد کے ساتھ دوسرے جبکہ ماسٹر عبدالرحمن بن احتشام 97.8 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
دسویں جماعت کے AISSE امتحان میں ماسٹر آیان محفوظ نے 99.2 فیصد نمبر حاصل کرکے اسکول ٹاپر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ مس نیرجا رمبھاجی گیاکے نے 98.8 فیصد کے ساتھ دوسری جبکہ ماسٹر آہون رائے نے 98.6 فیصد کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر بارہویں جماعت کے مختلف شعبوں کے ٹاپرز کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا۔
تقریب میں کھیلوں اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔ مس آمنہ ریحام کو کنگڈم چیمپئن شپ انڈر 19 سنگلز اور ایلیٹ چیمپئن شپ انڈر 19 سنگلز میں گولڈ میڈلز جیتنے پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ماسٹر محمد حسین کو متحدہ عرب امارات میں منعقدہ اے سی سی پریمیئر کپ میں سعودی عرب کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے پر مبارکباد دی گئی، جبکہ ماسٹر یحییٰ نصر الاسلام کو اسکول کی 2026-2027 کی ڈائری کے سرورق کا ڈیزائن تیار کرنے پر خصوصی پذیرائی حاصل ہوئی۔
تقریب میں طلبہ نے خوبصورت سیمی کلاسیکل کتھک رقص پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا، جبکہ اسکول میوزک کلب کی دلنشیں موسیقی نے پروگرام کو مزید یادگار بنا دیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر بشریٰ خاتون زیدی کے ہدیہ تشکر پپیش کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی، معزز مہمانوں، والدین، اساتذہ، طلبہ اور اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین کا تقریب کی کامیابی میں بھرپور تعاون پر دلی شکریہ ادا کیا۔




