نارائن پیٹ میں پولیس کا کارڈن اینڈ سرچ آپریشن، 55 گاڑیاں ضبط

نارائن پیٹ میں پولیس کا کارڈن اینڈ سرچ آپریشن، 55 گاڑیاں ضبط
180 گھروں کی تلاشی، عوام کو سائبر جرائم، ٹریفک قوانین اور سی سی ٹی وی کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا
نارائن پیٹ، یکم جولائی (اردو لیکس) نارائن پیٹ ضلع میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور عوام میں احساسِ تحفظ کو فروغ دینے کے مقصد سے بدھ کی صبح نارائن پیٹ کے بھیونڈی کالونی میں ڈی ایس پی نلّپو لنگیا کی قیادت میں کمیونٹی کانٹیکٹ پروگرام (کارڈن اینڈ سرچ) منعقد کیا گیا۔
اس مہم میں 75 پولیس افسران و اہلکاروں نے 180 گھروں کی تلاشی لی۔ کارروائی کے دوران ضروری دستاویزات نہ رکھنے پر 51 موٹر سائیکلیں، 2 آٹو رکشے اور 2 کاریں، مجموعی طور پر 55 گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔
ڈی ایس پی نلّپو لنگیا نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے علاقوں میں آنے والے نئے افراد کی معلومات مقامی پولیس کو فراہم کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع ڈائل 100 یا قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔
اس موقع پر پولیس نے عوام کو سائبر جرائم، آن لائن فراڈ، جعلی فون کالز، او ٹی پی اور بینک کی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کرنے، ٹریفک قوانین پر عمل کرنے اور ہر کالونی میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی اہمیت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
ڈی ایس پی نے کہا کہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی جرائم پر مؤثر قابو پایا جا سکتا ہے، اس لیے ہر شہری قانون کی پاسداری کرتے ہوئے پولیس کا بھرپور تعاون کرے۔
اس پروگرام میں سی آئی شیوا شنکر، ایس آئی اے وینکٹیشورلو، ستیش ریڈی، نریش، کرشنا چیتنیہ، گایتری، دیگر پولیس اہلکار اور مقامی شہری موجود تھے ۔




