ایم ایس کریئیٹو اسکول کی طالبہ عائشہ منیبہ کی خود اعتمادی رنگ لے آئی۔ری ویریفکیشن کے بعد ریاضی میں مکمل 100 مارکس، مجموعی اسکور 592 ہوگیا

حیدرآباد۔ 8 جولائی۔پریس ریلیز۔ایم ایس کریئیٹو اسکول کی ہونہار طالبہ عائشہ منیبہ نے ثابت کر دیا کہ اپنی محنت پر یقین اور خود اعتمادی انسان کو کامیابی کی نئی بلندیوں تک پہنچا سکتی ہے۔ ایس ایس سی 2026 کے امتحانات میں ابتدائی طور پر 600میں سے 591 اسکور حاصل کرکے ٹاپر بننے والی عائشہ نے ریاضی یعٰنی میتھمٹکس میں 99 مارکس حاصل کیے تھے، تاہم انہیں اپنے حل کردہ پرچے پر مکمل اعتماد تھا اور یقین تھا کہ انہیں 100 میں سے 100 مارکس ملنے چاہییں۔
اساتذہ سے مشاورت کے بعد عائشہ نے بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن میں ریاضی کے پرچے کی ری ویریفکیشن کے لیے درخواست دی۔بورڈ کی جانب سے نظرِ ثانی کے بعد یہ پایا گیا کہ وہ ریاضی میں 100میں سے 100 مارکس حاصل کرنے کی مستحق تھیں۔جس کے نتیجے میں ان کا مجموعی اسکور 592/600 ہوگیا۔ اس طرح عائشہ نے نہ صرف اپنی کامیابی کو مزید شاندار بنایا بلکہ اپنی محنت اور خود اعتمادی کو بھی سچ ثابت کیا۔
اس موقع پر عائشہ منیبہ نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اس کے فضل و کرم، والدہ کی دعاؤں، اساتذہ کی رہنمائی اور ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی مسلسل حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مارک بظاہر معمولی محسوس ہوتا ہے، لیکن ان کے لیے یہ محنت، اعتماد اور انصاف کی علامت ہے۔ عائشہ منیبہ نے ایم ایس جونئر کالج کے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر میں داخلہ حاصل کر لیا ہے۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی انتظامیہ نے عائشہ منیبہ کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی طلبہ کے لیے یہ پیغام ہے کہ اگر اپنی محنت پر یقین ہو تو حق کے لیے مثبت انداز میں کوشش ضرور کرنی چاہیے۔ ادارہ ہمیشہ طلبہ میں علمی برتری، خود اعتمادی اور بہترین کردار کی تعمیر کو فروغ دینے کے لیے کوشاں رہے گا۔



