خاتون کا گینگ ریپ۔ حیدرآباد میں شرمناک واقعہ

حیدرآباد: شوہر کے ساتھ اختلافات کو ایک ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے مباحثی پروگرام کے ذریعے حل کرنے کی امید میں حیدرآباد آنے والی ایک خاتون کے ساتھ دو افراد نے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی۔
یہ واقعہ مہانکالی پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق محبوب آباد کے ایک تانڈہ سے تعلق رکھنے والی خاتون کی 9 سال قبل سرسلہ کے رہنے والے ایک شخص سے شادی ہوئی تھی۔ ان کا ایک سات سالہ بیٹا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے دونوں کے درمیان جھگڑے ہو رہے تھ، جس کے بعد تین دن پہلے وہ خاتون اپنے میکے چلی گئی تھی۔
خاتون کو یقین تھا کہ ایک ٹی وی چینل پر خاندانی تنازعات کے حل سے متعلق نشر ہونے والے مباحثی پروگرام میں جانے سے اس کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ اسی لیے وہ رواں ماہ کی 6 تاریخ کو محبوب آباد سے ٹرین کے ذریعے شہر پہنچی۔ چینل کے دفتر کی تلاش میں وہ منگل کی صبح سویرے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پہنچی۔
اسی دوران ایک نامعلوم شخص اس کے پاس آیا اور پوچھا کہ اسے کہاں جانا ہے۔ خاتون نے بتایا کہ وہ ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کے لیے جا رہی ہے۔ملزم نے اسے یہ کہہ کر دھوکا دیا کہ اس کے جاننے والے کے ٹی وی چینل سے تعلقات ہیں اور وہ اسے وہاں لے جائے گا۔ وہ خاتون کو ایم جی روڈ پر واقع ایک سنسان عمارت میں لے گیا جہاں اس نے مبینہ طور پر زیادتی کی۔
بعد میں اس نے اپنے دوست کو بھی بلایا اس نے بھی خاتون کے ساتھ شرمناک حرکت کی۔ اس کے بعد دونوں ملزمین وہاں سے فرار ہو گئے۔ متاثرہ خاتون نے مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔
بتایا گیا ہے کہ ملزمین میں سے ایک کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔



