مہاراشٹرا میں 4 منزلہ عمارت منہدم 6 ہلاک کئی افراد ملبہ تلے پھنس گئے

ممبئی: مہاراشٹر کے بھِیونڈی میں چار منزلہ عمارت منہدم ہو گئی۔ اس حادثے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دب گئے ہیں۔ جس عمارت میں یہ حادثہ پیش آیا
اس کی ہر منزل پر 12 کمرے یعنی مجموعی طور پر 48 کمرے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ جمعرات کی رات تقریباً 11:30 بجے اس وقت پیش آیا جب تمام مکین سو رہے تھے
جس کے باعث عمارت میں موجود کئی افراد ملبے کے نیچے پھنس گئے۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور کئی افراد کو بحفاظت نکال لیا۔ جائے حادثہ پر ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔
میونسپل حکام کے مطابق یہ عمارت تقریباً دس سال قبل تعمیر کی گئی تھی لیکن اس میں دراڑیں پڑ جانے کے باعث مقامی افراد کو پہلے ہی اسے خالی کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم انہوں نے عمارت خالی کرنے کے بجائے
غیر مجاز طور پر مرمت کا کام شروع کر دیا۔ حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر وہ مزدور شامل ہیں جو عمارت کی مرمت میں مصروف تھے۔



