ڈیجیٹل اور الیکٹرانک میڈیا کے شعبوں میں اردو ترجمے کے وسیع مواقع موجود ہیں! – اردو آفیسر اور سینئر صحافی محمد عقیل

جگتیال، 30 جولائی:ستواہنا یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ "Academic Empowerment Program for Government Degree Colleges – 100 Days Initiative” کے تحت گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن (خود مختار)، جگتیال میں دو روزہ "کمپیوٹر اور جدید ڈیجیٹل ذرائع کے استعمال سے اردو ترجمہ تربیتی ورکشاپ” جمعرات کو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
ورکشاپ کے دوسرے روز "ڈیجیٹل اور الیکٹرانک میڈیا کے لیے ترجمہ (Translation for Digital & Electronic Media)” کے موضوع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے تشریف لانے والے اردو آفیسر اور سینئر صحافی جناب محمد عقیل نے طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹیلی ویژن چینلز، نیوز پورٹلز، ویب میڈیا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی وسعت کے باعث اردو مترجمین کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خبروں کے ترجمے میں رفتار، درستگی، لسانی مہارت اور موقع و محل کے مطابق الفاظ کا انتخاب نہایت اہم ہے۔ انہوں نے مترجمین کو مشورہ دیا کہ وہ ڈیجیٹل میڈیا کی ضروریات کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہوں، خصوصاً مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی جدید آلات کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے انسانی اقدار اور زبان کے معیار کو برقرار رکھیں۔
کالج کے پرنسپل پروفیسر کے. رام کرشنا نے صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اس دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے ذریعے طلبہ نے اردو ترجمے کے نظریاتی اور عملی پہلوؤں کے ساتھ ساتھ جدید ڈیجیٹل ذرائع کے استعمال کے بارے میں جامع معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تربیت مستقبل میں میڈیا، تعلیم، سرکاری اداروں اور تحقیقی شعبوں میں طلبہ کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگی۔
پروگرام کے کوآرڈینیٹر قاسم علی بیگ نے دو روزہ تربیتی پروگرام کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ شرکاء کو اردو ترجمے میں جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، میڈیا کی ضروریات اور عملی تجربات سے متعلق جامع تربیت فراہم کی گئی۔
اس موقع پر کالج کے نائب پرنسپل ڈاکٹر جی. چندریا، ستواہنا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر منور علی، اردو اساتذہ عرفانہ اور یاسمین سلطانہ، کالج کے اساتذہ پروفیسر وی. ورا پرساد، ڈاکٹر سنگیتا رانی، جی. رام چندرم، ایس. ملیکارجن، ڈاکٹر وی. جمنا، جی. نیرجا اور ڈاکٹر جی. شری لتا سمیت دیگر اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ آخر میں تمام شریک اساتذہ اور طلبہ میں تربیتی اسناد تقسیم کی گئیں اور پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔



