جنرل نیوز

مکتھل میں ڈرائی ڈے فرائیڈے مہم، ڈینگو و ملیریا سے بچاؤ کے لیے عوامی بیداری پروگرام

مکتھل: 31 جولائی (اردو لیکس) مکتھل میونسپلٹی کے 12ویں وارڈ میں محکمۂ صحت کی جانب سے بارش کے موسم میں پھیلنے والی موسمی اور متعدی بیماریوں کی روک تھام کے لیے منعقدہ ڈرائی ڈے فرائیڈے مہم کے تحت خصوصی بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔

 

اس موقع پر محکمۂ صحت کے عہدیداروں، عوامی نمائندوں اور میونسپل عملے نے مشترکہ طور پر وارڈ کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو صحت و صفائی کے اصولوں پر عمل کرنے اور بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔

 

عہدیداروں نے شہریوں کو ہدایت دی کہ گھروں اور اطراف میں پانی جمع نہ ہونے دیں، صفائی کا خصوصی اہتمام کریں، مچھروں کی افزائش کے مقامات کو ختم کریں، پینے کے لیے صاف پانی استعمال کریں اور بخار یا دیگر علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر قریبی سرکاری دواخانے سے رجوع کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر موسمی بیماریوں پر قابو پانا ممکن نہیں، اس لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے صحت عامہ کے تحفظ میں بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔

 

اس پروگرام میں ڈاکٹر سری چندنا، ڈاکٹر جام راج، میونسپل کونسلر رحیم پٹیل، کوآپشن رکن حسام الدین، وارڈ آفیسر مہیشوری، میونسپل عملہ اور مقامی عوام نے شرکت کی

 

۔ پروگرام کے اختتام پر عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ محکمۂ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھروں اور اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ ڈینگی، ملیریا اور دیگر موسمی بیماریوں سے مؤثر طور پر بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button